وسیم اکرم بھی یونس خان کی حمایت سے دستبردار

0 1,032

نئے لوگوں کو موقع دینے اور یونس خان کی خراب کارکردگی کی بنیاد پر سلیکٹرز نے ایک روزہ کرکٹ کے لیے تو پہلے ہی یونس خان سے آنکھیں موڑ لی تھیں مگر اب سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی سلیکٹرز کے اِس فیصلے کی حمایت کردی ہے۔

دورہ انگلینڈ اور زمبابوے کے لیے ٹیم کے حالیہ اعلان میں یونس خان کو سلیکٹرز نے ٹیسٹ کرکٹ میں تو موقع دیا ہے مگر ایک روزہ کرکٹ میں ایک بار پھر نظر انداز کردیا ہے۔

اِس فیصلے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ یونس خان کو چاہیے کہ وہ اپنی ساری توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر رکھے کیونکہ وہاں ٹیم کو اُس کی ضرورت ہے ۔

وسیم اکرم نے کہا کہ بورڈ کو بھی یونس خان کو سمجھانے کی ضرورت ہے۔ بورڈ کو چاہیے کہ وہ یونس خان سے اِس حوالے سے تفصیلی بات کرے اور یونس خان کو یہ سمجھانے کی کوشش کرے کہ وہ اپنی ساری توجہ ٹیسٹ کرکٹ میں رکھیں ۔ ایسا نہ ہونے کی سبب یونس بار بار ایک روزہ کرکٹ میں واپسی کا خواب دیکھتے ہیں اور جب ایسا نہیں ہوتا تو وہ یقینی طور پر مایوس ہوتے ہونگے جو نہ خود اُن ک لیے اچھا ہے اور نہ ٹیم کے لیے۔

واضح رہے کہ یونس خان نے 264 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے جہاں انہوں نے 31.34 کی اوسط سے 9610 رنز بنائے ہیں جس میں 7 سنچریاں اور 48 نصف سنچریاں شامل ہیں۔