شعیب اختر پاکستان سپر لیگ میں اہم کردار ادا کرنے کے خواہاں

1 1,053

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق پیسر عرف راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تمام پاکستانیوں کے لیے فخر ہے اور سب کو اِس کی کامیابی کے لیے اپنا اپنا کردار کرنا چاہیے۔

پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سے لاہور میں ملاقات کے دوران شعیب اختر نے پی ایس ایل کی ایک ٹیم خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے بعد شعیب اختر کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو نڈر کھلاڑی دینا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ ایک ٹیم کی ٹرینینگ کا ذمہ لینا چاہتے ہیں اور اِس حوالے سے اُن کی ایک بزنس مین سے بات بھی چل رہی ہے۔

راولپنڈی ایکسپریس کا مزید کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ کی سزا بھگتنے والوں کو ایک موقع ضرور دینا چاہیے، صرف یہی بلکہ اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ عامر کو اپنی ٹیم میں بھی شامل کرنے کے خواہ ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ یونس خان بہت بڑے کھلاڑی ہیں، ہمیں اپنے ہیروز کی عزت کرنی چاہیے اور بورڈ کو چاہیے کہ اُن کو شاندار طریقے سے الوداع کرے۔ اُنہوں نے یونس خان کو بھی مشورہ دیا کہ اُن کے پاس بس ایک یا دو سال کی کرکٹ باقی ہے تو بہتر یہی ہے کہ وہ ابھی کرکٹ کو اچھے طریقے سے خیرباد کہہ دیں۔