شین وارن نے 25 سالوں کی بہترین ’پاکستان ٹیم‘ کا اعلان کردیا

2 1,026

ایک وقت تھا جب آسٹریلیا کے عظیم لیگ اسپنر شین وارن کے سر پر زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا بھوت سوار تھا لیکن اب معاملہ کچھ مختلف ہوگیا ہے۔ وارن اب ایک نئے مشن پر موجود ہیں اور وہ ہے گزشتہ 25 سالوں میں مختلف ممالک کی بہترین ٹیمیں تشکیل دینا۔ اب تک آسٹریلیا، انگلستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں منتخب کرنے کے بعد اب انہوں نے پاکستان کی ربع صدی کی تاریخ پر ہاتھ صاف کیا ہے۔

1990ء سے 2015ء تک کھیلنے والے کھلاڑیوں میں سے انتخاب کرتے ہوئے شین وارن کہتے ہیں کہ وہ بھی اسی دوران کرکٹ سے وابستہ رہے، یعنی وہ کھلاڑي جن کے ساتھ وارن نے کھیلا، یا کھیلتے ہوئے دیکھا۔ یہی وجہ ہے کہ عظیم پاکستانی بلے باز جاوید میانداد ان کی 'پاکستان الیون' میں شامل نہیں ہیں۔

وسیم اکرم کو قیادت سونپتے ہوئے شین وارن نے جس پاکستانی ٹیم کا انتخاب کیا ہے اس میں مشتاق احمد کے بجائے شاہد آفریدی موجود ہیں۔ شاہد نے صرف 27 ٹیسٹ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 36.51 کے اوسط سے 1716 رنز بنائے جبکہ ان کی وکٹوں کی تعداد بھی 48 رہی، جو انہوں نے 34 کے زیادہ کے اوسط سے حاصل کیں۔ جبکہ ان کے مقابلے میں مشتاق احمد نے 1990ء سے 2003ء کے درمیان 52 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 185 وکٹیں حاصل کیں۔ اس حوالے سے شین وارن کا کہنا ہے کہ شاہد کی ٹیم میں جگہ صرف ان کے آل راؤنڈر ہونے کی وجہ سے ہے، جدید کرکٹ میں آل راؤنڈرز کی بہت اہمیت ہے۔

فیس بک پر اظہار کرتے ہوئے وارن نے کہا کہ اہل اور بہترین کھلاڑیوں کی ایک طویل فہرست ہے جو اس ٹیم کا حصہ نہیں بن سکی، لیکن وارن کے خیال میں مشکل ترین فیصلہ مشتاق احمد کو نکالنا تھا۔ "مشتاق کو شامل کرنے کی صرف ایک گنجائش تھی کہ شعیب اختر یا وقار یونس میں سے کسی ایک کو باہر بٹھا دیا جاتا۔"

وارن کی پاکستان الیون میں یونس خان واحد کھلاڑی ہیں جو اب بھی ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں جبکہ دوسرے کھلاڑی آفریدی ہیں جو محض ٹی ٹوئنٹی کھیل رہے ہیں۔

اوپننگ پوزیشن پر سعید انور اور عامر سہیل کے بعد ون ڈاؤن پر یونس خان ہیں، چوتھے اور پانچویں نمبر کے لیے انضمام الحق اور محمد یوسف۔ ان کے بعد آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور وکٹ کیپر معین خان کا نمبر رکھا گیا ہے۔

گیندبازی میں وسیم اکرم، وقار یونس اور 'راولپنڈی ایکسپریس' شعیب اختر موجود ہیں جبکہ اسپن باؤلنگ میں آفریدی کا ساتھ دینے کےلیے 'دوسرا' کے موجد ثقلین مشتاق کو رکھا گیا ہے۔

وارن کیونکہ اپنے عہد کے کھلاڑیوں کا انتخاب کررہے ہیں اس لیے این بوتھم، رچرڈ ہیڈلی، ویو رچرڈز اور عمران خان جگہ نہیں بنا پائے لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ الیون کے انتخاب میں یقینی طور پر بڑے نام شامل کریں گے۔

شین وارن کی اعلان کردہ گزشتہ 25 سال کی بہترین پاکستانی ٹیم:

سعید انور، عامر سہیل، یونس خان، انضمام الحق، محمد یوسف، شاہد آفریدی، معین خان، وسیم اکرم (کپتان)،ثقلین مشتاق، شعیب اختر اور وقار یونس۔