پاکستان خواتین ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا مقابلہ جیت لیا

0 1,053

پاکستان خواتین ٹیم نے بنگلہ دیش خواتین ٹیم کے خلاف کراچی میں کھیلے جانے والا پہلے مقابلہ بیس رنز سے جیت لیا ہے اور اس طرح پاکستانی ٹیم کو دو مقابلو‌ں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔ پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بسمہ معروف کے 128 گیندوں پر 92 رنز کی مدد سے 214 رنز بنائے تھے۔ بعد ازاں، بائیں ہاتھ کی اسپنر انعم امین کی عمدہ گیندبازی کی بدولت پاکستان نے مہمان بنگلہ دیشی ٹیم کو 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 194 رنز بنانے دیے۔ انعم امین نے 25 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا تھا۔
ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اُس کی 38 رنز پر دو وکٹیں گر گئی تھیں۔ بعد میں تیسری وکٹ کے لیے نین عابدی اور بسمہ معروف نے 61 رنز کی شراکت داری کی۔ 99 کے مجموعی اسکور پر نین عابدی کے آؤٹ ہو جانے کے بعد پاکستانی ٹیم کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں، لیکن بسمہ معروف کریز پر ٹکی رہیں اور ٹیم کو دو سو کا ہندسہ پار کرانے میں کامیاب ہو گئیں۔ وہ جب آؤٹ ہوئیں تو اُس وقت پاکستان کا کُل اسکور آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز تھا۔ بقیہ دو وکٹیں صرف چھ رنز ہی کا اضافہ کر سکیں اور یوں پاکستان 214 رنز کے اسکور کے ساتھ پویلین لوٹ گیا۔ یہ غنیمت ہے کہ پاکستانی ٹیم تقریباً اپنے سارے مقررہ اوور کھیلنے میں کامیاب ہو گئی تھی اور صرف ایک بال قبل ہی اُس کی دسویں وکٹ گری۔ بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان سلمیٰ خاتون نے 31 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
مہمان بنگلہ دیشی ٹیم نے احتیاط کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا لیکن اس کی وکٹیں تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد گرتی رہیں۔ پانچویں نمبر پر کھیلنے والی رُومانہ احمد وہ واحد بلے باز تھیں جنہوں نے ستر رنز بنا کر مقابلے کی کوشش کی۔ انہوں نے چوتھی اور آٹھویں وکٹ کے لیے چوالیس چوالیس رنز کی شراکت داریاں بھی بنائیں، لیکن وہ بے فائدہ رہیں کیونکہ کوئی بھی تجربے کار کھلاڑی شاندار بلے بازی نہیں کر سکا اور بنگلہ دیشی ٹیم اپنے مقررہ پچاس اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز ہی بنا سکا۔ فرغانہ حق 26 رنز بنا کر بنگلہ دیشی اننگز کی دوسری سب سے بہترین بلے باز رہیں۔ پاکستان کی جانب سے انعم امین کی تین وکٹوں کے علاوہ، اسماویہ اقبال، ثنا میر، ندا ڈار، عالیہ ریاض اور بسمہ معروف کے حصوں میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ایک روزہ مقابلہ کل چھ اکتوبر کو کراچی ہی میں کھیلا جائے گا۔