ٹی ٹوئنٹی کے بعد ایک روزہ کرکٹ میں بھی کلین سوئپ مکمل

0 1,025

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو دوسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ایک روزہ کرکٹ سیریز میں بھی کلین سوئپ مکمل کرلیا۔

کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں مہمان ٹیم کی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا مگر قومی ٹیم کی گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے سبب بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 123 رنز ہی بناسکی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے صرف عائشہ رحمان، نگار سلطانہ اور ریتو مونی ہی دہرے ہندسے تک پہنچ سکیں جنہوں نے بالترتیب 28, 30, 39 رنز بنائے۔ ان تینوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہیں جبکہ تین بلے باز تو ایسی بھی تھیں جو کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین کی جانب روانہ ہوگئیں۔

پاکستان کی جانب سے سب سے اچھی گیند بازی اسپن باولر انعم امین کی جانب سے کی گئیں جنہوں نے دس اوورز میں محض 7 رنز دیکر 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور اِس کارکردگی کے سبب انعم کو میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا جبکہ انعم کا ساتھ دیا اسماویہ اقبال نے جنہون نے 7 اوورز میں 28 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔

124 رنز کے آسان ہدف کو قومی ٹیم کی کھلاڑیوں نے 39ویں اوور میں محض 4 وکٹوں کے نقصان پر پُراعتماد طریقے سے حاصل کیا۔

پاکستان کی جانب سے بسمہ معروف 41 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہیں۔ شاندار کارکردگی کا دائرہ صرف اِس میچ تک محدود نہیں ہے بلکہ بسمہ معروف نے پہلے ایک روزہ میچ میں بھی 92 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ناقابل شکست 65 اور دوسرے میچ میں 34 رنز بنائے تھے۔