پاک بھارت سیریز کا امکان نظر نہیں آرہا، شہریار خان

0 1,013

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بہت کوشش کی کہ بھارت کو سیریز کے لیے راضی کرلیا جائے مگر حالات کو اور بھارتی رویے کو مدنظر رکھتے ہوئے معلوم ہوتا ہے کہ شاید اب پاک بھارت سیریز ممکن نہ ہوسکے۔

لاہور میں پاکستان اور انگلستان کے درمیان سیریز کے لوگوں کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جب بھی سیریز ہوتی تو ہے تو مختلف قسم کی چہ میگوئیاں کی جاتی ہیں اِس لیے ہماری کوشش ہے کہ یہ سیریز اچھے ماحول میں ہو۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ایشیز سیریز میں آسٹریلیا کو شکست دیکر انگلستان کی ٹیم کا مورال بلند ہوگا مگر حالیہ دنوں میں پاکستان کی کارکردگی بھی تسلی بخش رہی ہے اور اُمید کرتا ہوں کہ ہم اچھے نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

بھارت سے سیریز کے حوالے سے شہریار خان کا کہنا تھا کہ تھا ہماری یہ کوشش تھی کہ کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھا جائے اور دونوں ممالک کے درمیان جتنے بھی اختلافات ہوں مگر اُس کا اثر کھیل پر نہیں پڑنا چاہیے مگر بھارت کے رویے کو دیکھ کر لگتا ہے کہ شاید اب یہ سیریز ممکن نہ ہوسکے۔

شہریار خان نے میڈیا کو بتایا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی حالیہ میٹینگ میں سیریز کے حوالے سے بھارت سے دوٹوک بات کی جائے گی کہ آیا بھارت سیریز کھیلنا چاہتا ہے یا نہیں۔

شہریار خان نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اگرچہ شاہد آفریدی اِس وقت اچھی فارم میں نہیں ہے مگر وہ ایک میچ ونر ہے اور ورلڈ ٹی 20 تک اُنہیں ہی کپتان برقرار رکھا جائے گا۔