سلمان بٹ اور محمد آصف کے لیے کرکٹ کے دروازے کھلنے لگے

1 1,048

پانچ سالہ پابندی کو مکمل کرنے کے بعد اسپاٹ فکسنگ میں ملوث سابق پاکستانی کپتان سلمان بٹ اور فاست باولر محمد آصف کے لیے بالاخر کرکٹ کے دروازے کھلنے لگے ہیں اور دونوں کھلاڑی نے واپڈا سے معاہدہ کرلیا ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں کھلاڑی کو 17ویں گریڈ کی نوکری دی گئی ہے، لیکن ابھی تک یہ تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ آیا اِن دونوں کھلاڑیوں کو رواں برس سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک کرکٹ میں فرسٹ کلاس سیزن میں جگہ ملے گی یا نہیں۔

معاہدے کی روشنی میں یہ بھی طے پایا ہے کہ دونوں کھلاڑی فروری 2016 میں ختم ہونے والے بحالی پروگرام کے بعد کسی اور ڈیپارٹمنٹ سے معاہدہ نہیں کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کو اُس وقت تک ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا جب تک وہ اِس تعلیمی کورس کو پورا نہ کرلیں، اور اِس کی تکمیل کے لیے کھلاڑیوں کو چاروں صوبوں کے ڈومیسٹک ریجنز کا دورہ کروایا جائے گا۔ جہاں یہ کھلاڑی نوجوان لڑکوں، حکام اور کوچز کے سامنے لیکچرز دیں گے جس میں نہ صرف وہ یہ بتائیں گے کہ وہ کس طرح اسپاٹ فکسنگ کا شکار ہوئے بلکہ یہ بھی بیان کریں گے کہ بھلا کس طرح اِس بُرائی سے بچاجاسکتا ہے۔

شہریار خان نے مزید کہا کہ درحقیقت یہ پروگرام آئی سی سی کی بنیادی شرائط میں سے ایک ہے، اور جب یہ دونوں کھلاڑی ایسا کرلیں گے تو اسی دوران ہم اِنہیں گریڈ لیول کی کرکٹ کی اجازت دیں گے تاکہ یہ اپنی کارکردگی اور فٹنس کو ٹھیک کرسکیں

ماضی میں یہ دونوں کھلاڑی نیشنل بینک آف پاکستان کے ساتھ منسلک تھے مگر جیسے ہی یہ کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث قرار پائے ویسے ہی اِن کے معاہدوں کو ختم کردیا گیا تھا، جبکہ تیسرے کھلاڑی یعنی محمد عامر بھی نیشنل بینگ سے ہی منسلک تھے جو آج کل سوئی سدرن گیس کمپنی کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔