بنگلہ دیش پریمئر لیگ کے لیے محمد عامر بھی غیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل

0 1,014

بنگلہ دیش پریمئیر لیگ (بی پی ایل) کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملک میں سیکورٹی خدشات کے باوجود لگ بھگ 200 غیر ملکی کھلاڑیوں نے لیگ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جن میں شاہد آفریدی، کرس گیل اور کمار سنگاکارا کے نام بھی شامل ہیں۔

بی پی ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی کے ممبر خالد محمود نے بتایا کہ پاکستان کے 52 کھلاڑیوں نے لیگ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جس میں شاہد آفریدی اور مصباح الحق جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں جبکہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث محمد عامر بھی فہرست میں شامل ہیں۔ فہرست میں پاکستان کے علاوہ 48 کھلاڑی انگلستان سے اور 4 کھلاڑی آسٹریلیا سے ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا ارادہ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا آغاز 21 نومبر سے کرے۔ واضح رہے کہ دو سال قبل میچ فکسنگ کے الزامات کے سبب اِس سلسلے کو روک دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں سیکورٹی خطرات کے سب غیر ملکی ٹیمیں آنے سے مسلسل انکار کررہی ہیں اور حالیہ انکار آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ترجمان جلال یونس کا کہنا ہے کہ سیکورٹی خدشات کے باوجود اُن کی پوری کوشش ہوگی کہ کھلاڑیوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے اور ٹورنامنٹ کو اچھے ماحول میں منعقد کیا جائے۔