بڑے کھلاڑی کا بڑا اعزاز

0 1,009

بالآخر وہ دن آ ہی گیا جس کا بالعموم پوری پاکستانی قوم کو اور بالخصوص یونس خان کو بے صبری سے انتظار تھا۔ یونس خان پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بلے باز بن چکے ہیں۔

انگلستان کے خلاف ابوظہبی میں اپنا 102 واں ٹیسٹ کھیلنے والے یونس خان کو جاوید میانداد کو پیچھے چھوڑنے کے لیے صرف 19 رنز کی ضرورت تھی اور جب 173 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ کی صورت میں پاکستان کی دوسری وکٹ گری تو یونس خان اس ہدف کو ذہن میں رکھتے ہوئے میدان میں اترے۔ 15 رنز تک پہنچنے کے بعد انہوں نے معین علی کو ایک شاندار چھکا لگایا اور اس کے ساتھ ایک ہی جست میں انضمام الحق اور جاوید میانداد کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پاکستان کے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔ دن کے آخری سیشن میں یونس خان کی اننگز 38 رنز پر مکمل ہوئی۔ یوں وہ 53.97 کے اوسط کے ساتھ 8852 رنز بنا کر پاکستان کے سب سے نمایاں بلے باز بنے ہوئے ہیں۔ یونس خان کے ریکارڈ پر 29 نصف سنچریاں اور ریکارڈ 30 سنچریاں بھی شامل ہیں جو پاکستان کے لیے کسی بھی بلے باز کی سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بھی ہیں۔

یونس سے قبل جاوید میانداد نے پاکستان کے لیے 124 ٹیسٹ مقابلوں میں 8832 رنز بنا کر ایک ایسا ریکارڈ قائم کیا تھا جو عرصہ دراز تک قائم رہا۔ 23 سنچریوں اور 43 نصف سنچریوں کے ساتھ میانداد کی سب سے نمایاں اننگز 280 رنز تھی، وہ بھی ناٹ آؤٹ۔ جاوید میانداد جب اپنی پہلی ٹرپل سنچری کے قریب تھے تو اس وقت کے کپتان عمران خان نے اننگز کے خاتمے کا اعلان کردیا تھا جس نے نہ صرف میانداد بلکہ دنیا بھر کو حیران کردیا تھا۔ اس سے بڑی بدقسمتی اور کیا ہوگی کہ جاوید میانداد پھر کبھی ٹرپل سنچری کے قریب بھی نہ پہنچ سکے۔ کئی ریکارڈز قائم کرنے کے بعد ٹرپل سنچری نہ بنانے کا دکھ میانداد کو ہمیشہ رہے گا۔ بہرحال، اس دکھ کے باوجود جاوید میانداد پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بنے اور انضمام اُن کے کافی قریب پہنچے۔ آخری ٹیسٹ میں انضمام الحق کو جاوید میاندادکا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 21 رنز کی ضرورت تھی لیکن پہلی اننگز میں 14 رنز بنانے کے بعد وہ دوسری میں بھی 3 رنز ہی بنا سکے اور یوں صرف تین رنز کے فرق سے پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین نہ بن سکے۔ انضمام الحق نے 8829 رنز بنائے، جس میں ریکارڈ 25 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ ان کا یہ سب سے زیادہ سنچریوں کا قومی ریکارڈ یونس خان نے توڑا۔

یونس خان نے اپنے کیریئر میں 30 سنچریاں بنائی ہیں، جو کسی بھی پاکستانی بیٹسمین سے زیادہ ہیں۔ ان کی سب سے شاندار اننگز 313 رنز کی ہے جو انہوں نے 2009ء میں سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر بنائی۔

اب یونس خان اس مقام پر پہنچ گئے ہیں جہاں پہلے کوئی پاکستانی بلے باز نہیں پہنچ سکا لیکن ان کی نظریں مزید آگے ہیں۔ وہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ 10 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بننا چاہتے ہیں اور جس طرح وہ کھیل رہے ہیں توقع یہی ہے کہ اگر ایک ڈیڑھ سال مزید کھیلتے رہے تو بنا بھی لیں گے۔