گال ٹیسٹ کا پہلا دن سری لنکا کے نام رہا

0 1,013

مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا جیسے بڑے ناموں کے بعد خیال یہی تھا کہ سری لنکا کی بیٹنگ لائن بہت حد تک کمزور ہوجائے گی اور بھارت کے خلاف سیریز میں ایسا دیکھنے میں بھی آیا، مگر اچھی ٹیموں تو وہی ہوتی ہے جو اپنی کمزوریوں پر جلدی سے قابو پاتے ہوئے اچھا کھیل پیش کرنا شروع کردی، اور ایسا ہی کچھ ہوا گال ٹیسٹ کے پہلے دن جہان ویسٹ انڈیز کے گیند بازوں کے لیے سری لنکن بلے باز آہنی دیوار ثابت ہوئے اور پہلے دن کے اختتام پر 250 رنز پر صرف 2 ہی کھلاڑی آوٹ ہوئے۔

سری لنکن کپتان اینجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو بلے بازوں نے بالکل ٹھیک ثابت کیا۔ اگرچہ بلے بازوں کی جانب سے سست بلے بازی دیکھنے کو ملی مگر اصل اہمیت وکٹوں کی تھی جو محفوظ رہیں۔

سری لنکن بلے بازی کی خاص بات اوپننگ بیٹسمین دیموتھ کارانوراتنے کی شاندار سنچری تھی۔ سری لنکا کو پہلا نقصان 56 رنز پر کوشال سلوا کی صورت ہوا جن کو کیمار روچ نے پویلین کا راستہ دکھایا۔

سلوا کی جگہ لاہیرو تھریمانے بلے بازی کرنے آئے مگر وہ بھی زیادہ وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور ڈوینڈرا بیشو کی گیند کا شکار ہوگئے۔ مگر یہ ویسٹ انڈیز کے لیے دن کی آخری خوشی تھی کیونکہ اگلے آنے والے بلے باز دنیش چندیمل نے تیسری وکٹ کے لئے دن کے اختتام تک کارانوراتنے کے ساتھ مل کر 149 کی شراکت داری جوڑی۔

دن ختم ہونے تک چندیمل 72 اور کارانوراتنے 135 پر ناقابل شکست تھے۔

یاد رہے کہ یہ وہی گراونڈ ہے جس میں سری لنکا نے گزشتہ ماہ بھارت کے خلاف تین میچوں کی سیریز کا واحد ٹیسٹ جیتا تھا۔

ویسٹ انڈیز اِس وقت سری لنکا کے دورہ پر جہاں وہ دو ٹیسٹ میچوں کے ساتھ ساتھ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلے گی۔