امپائر کے خلاف زبان درازی، بھارتی ٹیم مینیجر پر جرمانہ

0 1,045

بھارت کے ٹیم مینیجر ونود پھڑکے کو امپائر کے بارے میں نامناسب کلمات ادا کرنے پر 40 فیصد میچ فیس سے محروم ہونا پڑے گا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ایک روزہ سے قبل ونود ونیت کلکرنی کی امپائرنگ سے خوش نہیں دکھائی دیے تھے بلکہ بھارت سیریز کے اختتام پر امپائر کے خلاف باضابطہ شکایت کرے گا کیونکہ وہ سمجھتا ہے کہ اسے ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ مقابلوں میں ونیت کے ناقص فیصلوں کی وجہ سے ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بھی امپائرنگ پر تنقید کی کہ چند بہت اہم فیصلے ان کے حق میں نہیں گئے، جس کا خمیازہ شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ونود کے تبصرے کے بعد اسی مقابلے میں، یعنی دوسرے ایک روزہ میں، امپائروں کی غلطی کا پورا پورا فائدہ بھارت نے اٹھایا اور 10 رنز سے مقابلہ جیت لیا۔

بہرحال، اس کا قصور وار تو ٹیم کو بھارتی کرکٹ بورڈ کو ٹھہرانا چاہیے کہ ایک طرف ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے کی ضد کیے بیٹھا ہے تو دوسری جانب ایسے امپائروں کو سیریز کی ذمہ داری دے رہا ہے۔ ونیت کلکرنی کے ساتھ پاکستان کے علیم ڈار سیریز میں نیوٹرل امپائر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ونود پھڑکے کو کھلاڑیوں اور عملے کے دیگر اراکین کے لیے ضابطہ اخلاق کی شق 2.1.3 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا اور اسی لیے میچ فیس کے 40 فیصد کا جرمانہ لگایا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد اب بھارت-جنوبی افریقہ ایک روزہ سیریز دو مقابلوں کے بعد ایک-ایک سے برابر کھڑی ہے۔