[ریکارڈز] میدان میں طویل ترین قیام، کک سرفہرست 3 میں شامل

2 1,067

اگر کوئی بلے باز مستقبلِ قریب میں سچن تنڈولکر کا 51 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ سکتا ہے تو وہ انگلستان کے کپتان ایلسٹر کک ہیں۔ صرف 30 سال کی عمر میں 120 ٹیسٹ مقابلوں کا وسیع تجربہ اور 47 سے زیادہ کے اوسط کے ساتھ 9593 رنز ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ جس میدان پر آخری بار کھیلتے ہوئے انگلستان صرف 145 رنز کے تعاقب میں بری طرح لڑکھڑا گیا تھا اور صرف 72رنز پر آؤٹ ہو کر اوندھے منہ شکست کے گڑھے میں جا گرا تھا، کک نے وہیں پر ایک تاریخی اور ریکارڈ ساز اننگز کھیلی ہے۔ 528 گیندیں اور 263 رنز اور اس کے دوران وہ عرب امارات کی شدید گرمی میں 836 منٹ تک کریز پر موجود رہے۔ یہ کریز پر قیام کے لحاظ سے کرکٹ تاریخ کی تیسری سب سے طویل اننگز ہے۔

پاکستان کے حنیف محمد نے تقریباً 58 سال پہلے جنوری 1958ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف برج ٹاؤن میں ایک ایسی اننگز کھیلی تھی، جو آج بھی کئی ریکارڈز رکھتی ہے۔ انہوں نے اُس وقت جب پاکستان ویسٹ انڈیز کے 579 رنز کے جواب میں 106 رنز پر ڈھیر ہوگیا تھا اور فالو-آن سے دوچار تھا ایک ناقابلِ یقین اننگز تراشی تھی۔ وہ میدان میں چٹان بن کر جم گئے اور تقریباً تین دن ویسٹ انڈیز کی خطرناک باؤلنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اس دوران انہوں نے 337 رنز بنائے جو آج بھی کسی بھی پاکستانی بلے باز کی طویل ترین انفرادی اننگز اور کریز پر 970 منٹ کا قیام آج بھی ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

hanif-mohammad

جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن نے دسمبر 1999ء میں انگلستان کے خلاف ڈربن ٹیسٹ میں 275 رنز کی ایک شاہکار اننگز کھیلی۔ شاہکار اس لیے کہ انگلستان کے 366 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں صرف 156 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا تھا اور اسے فالو-آن کا سامنا تھا۔ یہاں کرسٹن آئے اور چھا گئے۔ انہوں نے 642 گیندوں کا سامنا کیا اور 26 چوکے لگائے لیکن کریز پر ان کا قیام 878 منٹوں پر محیط رہا جو حنیف محمد کے بعد کسی بھی بلے باز کا سب سے طویل قیام تھا۔

حنیف محمد اور گیری کرسٹن کے علاوہ کوئی بلے باز 800 منٹ سے زیادہ کریز پر نہیں ٹک پایا تھا، یہاں تک کہ کک اس فہرست میں شامل ہوگئے۔ گو کہ ابوظہبی ٹیسٹ کا نتیجہ نکلنے کی امیدیں نہ ہونے کے برابر ہیں، پھر بھی کک کی یہ اننگز عرصے تک یاد رکھی جائے گی اور بلاشبہ ان کے کیریئر میں جگمگاتی رہے گی۔

ٹیسٹ میں کریز پر طویل ترین قیام

بلے باز ملک رنز منٹ گیندیں چوکے چھکے بمقابلہ بمقام بتاریخ
حنیف محمد پاکستان 337 970 - 24 0 ویسٹ انڈیز برج ٹاؤن جنوری 1958ء
گیری کرسٹن  جنوبی افریقہ 275 878 642 26 0 انگلستان ڈربن دسمبر 1999ء
ایلسٹر کک انگلستان 263 836 528 18 0  پاکستان ابوظہبی اکتوبر 2015ء
سنتھ جے سوریا سری لنکا 340 799 578 36 2 بھارت کولمبو اگست 1997ء
لین ہٹن انگلستان 364 797 847 35 0 آسٹریلیا اوول اگست 1938ء
ہاشم آملا  جنوبی افریقہ 311* 790 529 35 0 انگلستان اوول جولائی 2012ء