سری لنکن اسپن اٹیک کے سامنے ویسٹ انڈیز کے بلے باز ڈھیر

0 1,014

ایک وقت تھا جب سری لنکن ٹیم مرلی دھرن کے بلبوتے پر اترایا کرتی تھی، اور مہمان کے طور پر آئی ہر ٹیم کے لیے جیت کو ناممکن حد تک مشکل بنایا کرتی تھی، اگرچہ اب مرلی دھرن تو نہیں مگر رنگانا ہیراتھ موجود ہیں، اور اِسی ہیراتھ کی شاندار گیند بازی کے سبب سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو اننگ اور 6 رنز سے شکست دیکر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

ویسٹ انڈیز نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز 67 رنز پر کیا جبکہ اِس کے دو کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ کریز پر ڈیرن براوو اور تیسرے دن بطور نائٹ واچ میں آنے والے ڈوینڈرا بیشو موجود تھے۔

سری لنکن اسپنرز نے ابتداء سے ہی ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو پریشان کیا ہوا تھا۔ چوتھے دن کا کھیل شروع ہوتے ہی ہیراتھ نے لگاتار دو گیندوں پر دو وکٹیں لے کر ویسٹ انڈیز کو مزید مشکلات میں ڈال دیا۔ پہلے بیشو کو آوٹ کیا جن کا کیچ کپتان اینجلو میتھیوز نے لیا، مگر بڑا نقصان تو تب ہوا جب پہلی ہی گیند پر مارلن سیمولز کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کردیا۔ لیکن ابھی پریشانی ختم نہیں ہوئی کہ ہیراتھ کا ساتھ دینے آئے نوان پردیپ، جنہوں نے ان فارم بلے باز ڈیرن براوو کو آوٹ کرکے ویسٹ انڈیز کی کمر تورڈ اور یوں آدھی ٹیم محض 88 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

اب ساری ذمہ داری نوجوان بلے باز جرمائن بلیک ووڈ، کپتان جیسن ہولڈر اور سابق کپتان ڈینش رام دین پر آگئی کہ وہ ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے اننگ کی شکست سے بچ سکیں۔ ابھی بلیک ووڈ اور رام دین کی جانب سے تھوڑی بہت مزاحمت دیکھنے کو مل ہی رہی تھی کہ سری وردنہ بہتی گنگا میں کودے اور رام دین کو چلتا کیا، اِس وقت ویسٹ انڈیز کا اسکور 6 وکٹوں پر 136 رنز تھا۔

رام دین کی جگہ کریز پر کپتان جیسن ہولڈر آئے۔ اُنہوں نے بلیک ووڈ کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بلے بازی کوجاری رکھا مگر شاید آج ویسٹ انڈیز کا دن ہی نہیں تھا کیونکہ اب جبکہ ہولڈر کی آنکھیں بال پر ٹکنا شروع ہوگئیں تھی تو اُسی اہم موقع پر میتھیوز کے ہاتھوں رن آوٹ ہوگئے۔ اِس وقت ویسٹ انڈیز کا اسکور 172 تھا۔ ایک طرف بلیک ووڈ ٹیم کو اننگ کی شکست سے بچانے کے لیے ذمہ دارانہ بلے بازی کررہے تھے مگر دوسرے اینڈ پر کوئی بھی اُن کاساتھ دینے کے لیے تیار نہیں تھا۔ کیونکہ صرف 6 رنز ہی بعد ہیراتھ نے کیمار روچ کو بھی چلتا کیا۔ جب سب وکٹیں لے رہے ہیں تو پھر دھمیکا پرساد کیوں پیچھے رہیں۔ ابھی 11 رنز کا اضافہ ہی ہوا تھا کہ پرساد نے ٹیلر کی لیکر ویسٹ انڈیز کی پویشن کو مزید کمزور کردیا۔ آخری وکٹ پر بلیک ووڈ کا ساتھ دینے آئے شینون گبریل مگر شاید اب بلیک ووڈ مایوس ہوچکے تھے اور 92 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے کے بعد پرساد کی گیند کا شکار ہوگئے اور یوں سری لنکا کو اننگ اور 6 رنز سے کامیابی حاصل ہوئی۔

میچ میں 10 وکٹیں لینے پر رنگانا ہیراتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ ایسا پانچویں بار ہواہے کہ ہیراتھ نے ٹیسٹ میچ میں کل ملا کر 10 یا اُس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہوں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 22 اکتوبر سے شروع ہوگا جو کولمبو کے میدان میں کھیلا جائے گا۔