وسیم اکرم اور شعیب اختر نے بھارت میں کمنٹری کرنے سے انکارکردیا

39 1,048

گزشتہ روز شیو سینا کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان اور بھارت بورڈ کے درمیان ملاقات منسوخ کرنے، اور علیم ڈار کو دھمکیاں ملنے کے بعد پاکستان کے عظیم فاسٹ گیند باز وسیم اکرم عرف سوئنگ کے سلطان اور شعیب اختر عرف راولپنڈی ایکسپریس نے احتجاجاً بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری سیریز میں کمنٹری کرنے سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ یہ فیصلہ اُن کا ذاتی ہے اور اُن پر کسی کا دباو نہیں ہے۔ دونوں کھلاڑی جمعرات کو چنئی میں ہونے والے ایک روزہ میچ میں آخری بار کمنٹری کی ذمہ داری کے فرائض انجام دینے کے بعد جمعے کو پاکستان لوٹ آئیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین شہریار خان بھارت بورڈ کی دعوت پر وہاں پہنچے تھے جس کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ دسمبر میں دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ سیریز کے حوالے سے حتمی مذاکرات ہوجائیں۔ مگر شہریار خان کا بھارت پہنچنا بھارتی ہندو انتہا پسندوں کو ایک آنکھ نہ بھایا اور اُنہوں نے احتجاج شروع کردیا حتی کے ممبئی میں طے شدہ ملاقات سے پہلے بھارت بورڈ کے دفتر پر ہلہ بول دیا جہاں موجود بھارت بورڈ کے سربراہ ششنک منوہر پر واضح کردیا گیا کہ ملاقات کسی صورت نہیں ہونی چاہیے اوربالکل ایسا ہی ہوا کہ فوری طور پر ملاقات کو منسوخ کردیا گیا۔

صرف یہی نہیں بلکہ شیو سینا کے کارندوں کی جانب سے وہاں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے سیریز کے لیے موجود پاکستانی ایمپائر علیم ڈار کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں جس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ نے علیم ڈار کو بقیہ میچوں میں ایمپائرنگ سے روک دیا اور اُن کی جگہ نئے ایمائر کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔