برطانیہ کے مسلمان کرکٹ کلب کا یادگار دورۂ ویٹیکن

0 1,016

کھیل انسانوں کے باہمی اتحاد کو پروان چڑھانے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اس کی ایک بہت بڑی مثال ہمیں رواں ہفتے اطالوی دارالحکومت روم میں نظر آئی۔ تمام مسلمان کھلاڑیوں پر مشتمل برطانیہ کی ایک کلب ٹیم نے ویٹیکن سٹی کے خلاف ایک یادگار ٹی ٹوئنٹی کھیلا اور تاریخی چار روزہ دورہ کیا۔

برطانیہ کے علاقے مغربی یارک شائر کے ماؤنٹ کرکٹ کلب نے پہلے سر جان میجر فرینڈ شپ کپ میں ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز الیون کے خلاف ایک مقابلے میں شرکت کی۔ اس میچ کا مقصد بین المذاہب تعلقات اور روابط کو بہتر بنانا تھا، پھر مقابلہ بھی بڑا سنسنی خیز ہوا۔ آخری اوور کی آخری گیند تک گیا جہاں میزبان نے کامیابی حاصل کی۔

1976ء میں قائم ہونے والے ماؤنٹ کرکٹ کلب نے یہ دورہ دونوں مذاہب کے ماننے والوں میں قربت بڑھانے کے لیے تھا۔ میچ کے علاوہ انہوں نے ویٹیکن عجائب گھر، سینٹ پیٹرز گرجا اور پوپ فرانسس کی قیادت میں ایک اجتماع میں بھی شرکت کی۔

گو کہ اس کلب میں زیادہ تر مسلمان کھلاڑی کھیلتے ہیں لیکن اس کی رکنیت تمام افراد کے لیے کھلی ہے۔ اس دورے کو یارک شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی حمایت حاصل تھی بلکہ مقابلہ دیکھنے والوں میں یارک شائر کے چیف ایگزیکٹو مارک آرتھر اور بورڈ ڈائریکٹر رابن اسمتھ بھی شامل تھے۔

ویٹیکن کے کلب کی جانب سے اگلے سال انگلستان کے جوابی دورے کا امکان ہے۔