آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز مدمقابل

0 1,012

عالمی چیمپئن آسٹریلیا ہو، مدمقابل جنوبی افریقہ جیسا حریف ہو اور مقابلے ویسٹ انڈیز کے میدانوں میں کھیلے جائیں، جہاں ہمیشہ میلے کا سا سماں ہوتا ہے تو دنیا کی نگاہیں تو ایسی سیریز کا انتظار کریں گی ہی۔ اگلے سال جون میں ویسٹ انڈیز ایک ایسی سہ فریقی سیریز کی میزبانی کرے گا، جس میں یہ تمام لوازمات شامل ہوں گے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ (ڈبلیو آئی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ 6 سے 26 جون 2016ء تک ویسٹ انڈیز میں 10 مقابلوں پر مشتمل ایک ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی جس کے مقابلے گیانا، سینٹ کٹس اور بارباڈوس میں ہوں گے۔

بورڈ کے مینیجر برائے کرکٹ آپریشنز رولینڈ ہولڈر نے کہا کہ "یہ ایک زبردست ٹورنامنٹ ہوگا جس میں دنیا کی سرفہرست ٹیمیں ویسٹ انڈیز آئیں گی، یہ ہماری ٹیم کے لیے سنہرا موقع ہوگا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا حقیقی امتحان لے۔"

ٹورنامنٹ راؤنڈ رابن بنیادوں پر کھیلا جائے گا جس کا آغاز گیانا نیشنل اسٹیڈیم سے ہوگا۔ بعد ازاں مقابلے سینٹ کٹس کے وارنر پارک منتقل ہوں گے اور پھر حتمی مرحلہ بارباڈوس کے دارالحکومت برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا جہاں کینسنگٹن اوول میں فائنل بھی کھیلا جائے گا۔