جنوبی افریقہ کے خلاف بدترین شکست پر روی شاستری حواس کھو بیٹھے

2 1,043

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچویں اور فیصلہ کن میچ میں بھارتی ٹیم کو بدترین شکست کے بعد خدشات یہی تھے کہ اِس شکست پر بہت شور شرابا مچے گا، اور وہی ہوا کہ میچ کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے ڈائرکٹر روی شاستری نے سارا ملبہ کیوریٹر پر ڈال دیا۔

وانکیڈھے کرکٹ گراونڈ کے کیوریٹر سدھیر نائیک نے ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن سے شکایت کی ہے کہ ٹیم ڈائرکٹر روی شاستری اور بولنگ کوچ بی ارون نے مبینہ طور پر اُن سے بدتمیزی بھی کی اور خراب وکٹ بنانے کا الزام بھی عائد کیا۔

نائیک نے کہا کہ روی شاستری نے اُن پر الزام عائد کیا ہے کہ اُنہوں نے خراب وکٹ بنائی جس میں بھارتی اسپنرز کے لیے کوئی سپورٹ نہیں تھی جس وجہ سے جنوبی افریقہ نے اِس قدر بڑا اسکور بنایا۔

لیکن دوسری طرف نائیک کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم نے وکٹ کے حوالے سے اُن سے کوئی مطالبہ نہیں کیا تھا کہ اُنہیں کس قسم کی وکٹ درکار ہے، جبکہ بولنگ کوچ ارون کو چاہیے تھا کہ وہ راجیش مھامونکر سے رابطہ کرتے جو اِس میدان میں تمام ڈومیسٹک میچوں کے لیے وکٹ تیار کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ آخری میچ میں جنوبی افریقی بلے بازوں نے تمام ہی بھارتی گیند بازوں کی خوب درگت بنائی۔ کوئنٹن ڈی کوک، فاف ڈوپلیزیز اور کپتان اے بی ڈی ویلئیرز کی سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ نے 438 رنز بنائے جس کے جواب میں پوری بھارت ٹیم محض 224 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اُسے 214 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کیوریٹر کی خط کے جواب میں ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکرٹری اُنمیش کھانویلکر کا کہنا ہے کہ ہمیں خط موصول ہوگیا ہے اور اِس حوالے سے اگلی میٹنگ میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

بھارتی بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ اِس حوالے سے تمام حقائق کو جمع کیا جائے گا اور پھر ہی کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ کسی کے خلاف بھی کارروائی کرنے سے دریغ نہیں کرے گا اور سب کے لیے پیمانہ بھی یکساں ہوگا۔ اُنہوں نے آسٹریلیا میں ویرات کوہلی کے خلاف کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اِس معاملے میں بھی سب ویسا ہی ہوگا۔

یاد رہے کہ دورہ آسٹریلیا میں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے خلاف خبر دینے پر کوہلی نے بھارتی صحافی کے ساتھ بدتمیزی کی تھی، مگر جب معلوم ہوا کہ خبر اُس صحافی نے نہیں لگائی تو کوہلی نے دوسرے صحافی کے ذریعے معذرت کرلی تھی۔