یاسر شاہ دنیا کے بہترین اسپنر بن گئے

0 1,023

پاکستان کو انگلستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کامیابی کے ثمرات حاصل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق پاکستان کے یاسر شاہ اب دنیا کے بہترین اسپنر بن گئے ہیں۔

دبئی ٹیسٹ میں 8 وکٹیں لے کر پاکستان کی 178 رنز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے یاسر شاہ 25 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ٹیسٹ درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ وہ انگلستان کے جیمز اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اس مقام پر آئے ہیں۔ پہلا نمبر بدستور جنوبی افریقہ کے تیز گیندباز ڈیل اسٹین کے پاس ہے۔

یاسر شاہ اپنے ابتدائی 11 ٹیسٹ مقابلوں میں 69 وکٹیں لے کر دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا چکے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ وہ پاکستان کی جانب سے سب سے تیزی سے 50 وکٹیں لینے والے گیند باز بھی بن گئے ہیں۔ یہی وہ کارکردگی ہے جس کو دیکھتے ہوئے لیگ اسپن باؤلنگ کے بے تاج بادشاہ شین وارن بھی اُن کے مداح بن گئے اور اپنے حالیہ بیان میں انہوں نے یاسر شاہ کے ساتھ پریکٹس سیشن میں شرکت کی بھی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

عالمی کپ 2015ء میں یاسر شاہ کو موقع نہیں دیا جا رہا تھا تو شین وارن نے کئی بار اس فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا بلکہ یہاں تک کہا کہ کرکٹ کو بہت عرصے بعد اتنا شاندار اسپنر ملا یا ہے، اُنہیں ٹیم میں ضرور شامل کرنا چاہیے۔

یاسر شاہ اگرچہ اِس وقت ڈیل اسٹین سے 78 پوائنٹس پیچھے ہیں، مگر لیگ اسپنر کی فارم اور کارکردگی دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ وہ بہت جلد پہلی پوزیشن پر اپنا قبضہ جمالیں گے۔

ٹیسٹ رینکنگز میں صرف یاسر شاہ نے ہی ترقی نہیں بلکہ بلے بازوں نے بھی اپنا لوہا منوایا ہے۔ رواں سیریز کے دوران پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ ریکارڈ کا ریکارڈ قائم کرنے والے یونس خان نے دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 56 اور دوسری میں 118 رنز بنائے اور یوں ایک مرتبہ پھر ابتدائی پانچ بلے بازوں میں جگہ بنالی ہے۔ اگر بات کی جائے کپتان مصباح الحق کی تو 102 اور 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد وہ بھی پانچ درجہ ترقی پاکر 11ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

اسد شفیق بھی مسلسل اچھی کارکردگی کی وجہ سے کیرئیر میں پہلی مرتبہ 12ویں پوزیشن پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اُنہوں نے یہ مرتبہ بھارت کے ویراٹ کوہلی، نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر، برینڈن میک کولم، ویسٹ انڈیز کے شیورنرائن چندرپال اور جنوبی افریقہ کے فف دو پلیسی کو پیچھے چھوڑ کر حاصل کیا ہے۔ اسد شفیق نے دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 83 اور دوسری میں 87 رنز کی کارآمد اننگز کھیلی تھیں۔

دوسری جانب انگلستان کے لیے مسلسل قابل ذکر کارکردگی پیش کرنے والے جو روٹ آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔