قومی ٹیم مزید نقصان سے بچ گئی

1 1,022

جس کا شدت سے انتظار تھا، بالآخر وہ دن آ ہی گیا۔ سعید اجمل اور محمد حفیظ کو کھونے کے بعد یقیناً پاکستان مزید نقصان برداشت برداشت نہیں کرسکتا تھا۔ اچھی خبر یہ ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بلال آصف کے باؤلنگ ایکشن کو قانونی اور جائز قرار دے دیا ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کی بنیاد پر بلال آصف کو گزشتہ ماہ دورۂ زمبابوے میں پہلا موقع دیا گیا تھا۔ اپنے پہلے ایک روزہ میں گرچہ بلال آصف اچھی کارکردگی پیش نہ کرسکے، مگر دوسرے ون ڈے میں وہ بدلے بدلے دکھائی دیے اور 10 اوورز میں صرف 25 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور مقابلے کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بلال نے گو کہ پہلے مقابلے میں بھی گیندبازی کی تھی لیکن کامیاب نہ ہونے کی وجہ سے کسی کو ان کے ایکشن پر اعتراض بھی نہ ہوا مگر جیسے ہی انہوں نے پانچ وکٹیں لیں، امپائر نے فوری طور پر اعتراض اٹھا دیا۔

بہرحال، پاکستان کرکٹ بورڈ نے 19 اکتوبر کو باؤلنگ ایکشن کو چنئی میں آئی سی سی کی منظور شدہ لیبارٹری بھیجا گیا، جس کی رپورٹ آج موصول ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے بلال آصف کو 'ہری جھنڈی' دکھاتے ہوئے کہا کہ اُن کی تمام گیندیں قانونی ہیں اور ان کا بازو آئی سی سی کی مقررہ 15 درجے کے خم کی حدود کے اندر ہے۔ اب بلال آصف ہر سطح کی کرکٹ کھیلنے کے لیے مکمل طور پر آزاد ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے مینیجر انتخاب عالم نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ صرف بلال کے لیے نہیں، بلکہ پوری ٹیم کے لیے تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ پرامید تھے کہ اِس بار فیصلہ پاکستان کے حق میں ہی آئے گا۔

یاد رہے کہ بلال آصف اِس وقت قومی ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں اور آج تیز گیند باز عمران خان کے زخمی ہونے کے بعد امکان روشن ہوگیا ہے کہ وہ تیسرے اور اہم ترین ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کریں۔ انگلستان کے خلاف پاکستان کے 16 رکنی ٹیسٹ دستے میں بلال آصف کو اس لیے شامل کیا گیا تھا کہ اگر یاسر شاہ یا ذوالفقار بابر ان فٹ ہوجائیں تو انہیں کھلایا جا سکے۔