انگلستان کی خوشی دھری رہ گئی، بین اسٹوکس زخمی

0 1,009

پاک-انگلستان تیسرے ٹیسٹ کا پہلا دن مجموعی طور پر انگلستان کے لیے اطمینان بخش رہا۔ ایک مرتبہ پھر ٹاس تو ہارا، لیکن ہمت نہیں اور پاکستان کو 234 رنز پر آل آؤٹ کرنے کے بعد پرسکون انداز میں میدان سے لوٹا لیکن ایک پریشانی اب ضرور لاحق ہے، بین اسٹوکس کا زخمی ہونا۔یہ اہم آل راؤنڈر پہلے روز ایک کیچ پکڑتے ہوئے کندھا زخمی کر بیٹھے تھے اور اگر دوسرے روز بھی گیندبازوں کا راج رہا، تو اسٹوکس کازخمی ہونا فیصلہ کن کردار ادا کرسکتا ہے۔

24 سالہ اسٹوکس بیک وارڈ اسکوائر لیگ پر فیلڈنگ کررہے تھے جب انہوں نے سمیت پٹیل کی گیند پر جست لگاتے ہوئے سرفراز احمد کا شاٹ پکڑنے کی کوشش کی۔ شدید تکلیف کی وجہ سے وہ اوندھے منہ پڑے رہے اور کچھ دیر بعد انہیں اس حالت میں میدان سے لایا گیا کہ قمیص کے ذریعے ان کے بازو کو سہارا دیا گیا تھا۔

انگلستان کے تیز گیندباز اسٹورٹ براڈ نے کہا کہ جب وہ گرے تو ہمیں اسی وقت اندازہ ہوگیا تھا کہ کوئی مسئلہ ہوا ہے۔ یہ پریشانی کی بات ضرور ہے لیکن ہماری بیٹنگ اور باؤلنگ میں اب بھی کافی دم ہے۔

تبصرہ کار اور سابق انگلش کپتان جیفری بائیکاٹ نے کہا کہ "میرا نہیں خیال کہ اب وہ میچ میں دوبارہ باؤلنگ کر پائیں گے بلکہ بلے بازی کے لیے میدان میں اترنا بھی مشکل دکھائی دیتا ہے۔

اسٹوکس کی جگہ ایلکس ہیلز نے پاکستانی اننگز کے بقیہ کھیل میں فیلڈنگ کے فرائض انجام دیے۔ یہ ویسے بھی اسٹوکس کا سیریز میں آخری امتحان تھا، جس میں وہ عین موقع پر لڑکھڑا گئے ہیں۔ کیونکہ دورے کے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مرحلے کے لیے وہ ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

انگلستان اس وقت سیریز میں ایک-صفر کے خسارے میں ہے اور اسے شارجہ میں لازمی کامیابی درکار ہے۔ اگر دوسرے دن پاکستان کے گیندبازوں نے اسے بڑی برتری حاصل نہ کرنے دی تو بلاشبہ اسٹوکس کی عدم موجودگی انگلستان کو سخت مشکلات سے دوچار کردے گی۔