شین واٹسن کی تاریخی اننگ، پہلا ون ڈے آسٹریلیا کے نام

2 1,026

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کو اگر کوئی کھلاڑی بحران کی موجودہ کیفیت سے نکال سکتا ہے تو وہ صرف ایک کھلاڑی ہے جس کا نام ہے شین واٹسن۔ انگلستان کے خلاف پے در پے شکستوں کے بعد نفسیاتی دباؤ کا شکار آسٹریلیا نے جس طرح پہلے ایک روزہ میچ میں فتح حاصل کی اس نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک روزہ مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں اول نمبر پر کیوں ہے۔ میچ کی خاص بات صرف ایک تھی شین واٹسن کی 161 رنز کی ناقابل شکست اننگ۔

بیٹنگ کے لیے ایک مشکل پچ اور ملبورن کرکٹ گراؤنڈ کی مشہور زمانہ طویل باؤنڈریز کے باعث 295 رنز بنانا بہت مشکل ہدف تھا۔ لیکن شین واٹسن کی بریڈ ہیڈن کے ساتھ 110 رنزکی اوپننگ شراکت اور مائیکل کلارک کے ساتھ 103 رنز کی شراکت نے آسٹریلیا کی فتح کی بنیاد رکھ دی۔ لیکن نفسیاتی دباؤ کا شکار آسٹریلیا کے لیے کچھ کہنا قبل از وقت ہوتا کیونکہ کئی مواقع پر آسٹریلیا فتح کے قریب پہنچ کر بھی اسے حاصل نہ کر پایا تھا۔ شین واٹسن نے ابتدائی اوور سے لے کر آخری اوور کی پہلی گیند پر چھکے کی صورت میں وننگ شاٹ تک اپنی حکمت عملی بالکل واضح رکھی اور یوں لگتا تھاکہ آج وہ میچ جتوانے کے لیے ہی میدان میں اترے تھے۔ انہوں نے ان تمام غلطیوں کا ازالہ کیا جو آسٹریلیا نے انگلستان کی بیٹنگ کے دوران ناقص فیلڈنگ کی صورت میں کی تھیں۔

شین واٹسن تاریخی سنچری مکمل کرنےکے بعد داد لیتے ہوئے (گیٹی امیجز)

شین واٹسن کی 161 رنز کی اننگ میں 4 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے اور انہوں نے محض 150 گیندوں کا سامنا کیا۔ بریڈ ہیڈن نے 39 اور مائیکل کلارک نے 36 رنز بنائے جبکہ آخری اوورز میں مائیک ہسی کے تیز رفتار 21 اور کیمرون وائٹ کے 25 رنز بھی آسٹریلیا کی فتح میں اہم رہے۔

قبل ازیں انگلستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا 32 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر اسکور 186 پر پہنچ گیا تو یوں لگتا تھا کہ آج انگلستان 300 رنز سے کافی زیادہ کا ہدف آسٹریلیا کو دے گا۔ لیکن انگلش بلےبازوں کا یکے بعد دیگرے وکٹ گنوانا ہی اس میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان فرق ثابت ہوا اور انگلستان نے آسٹریلوی کھلاڑیوں کی ناقص فیلڈنگ کا کوئی خاص فائدہ نہ اٹھا پائے۔ آخری اوور کی چوتھی گیند پر انگلستان کی اننگ 294 تک ہی محدود رہ گئی۔ کیون پیٹرسن نے تقریبا تین سال کے عرصے کے بعد کوئی نصف سنچری بنائی اور وہ 78 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ کپتان اینڈریو اسٹراس نے 63 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ریٹ لی، ڈیوڈ ہسی، مچل جانسن اور اسٹیو اسمتھ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

شین واٹسن کو ان کی یادگار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پہلے ایک روزہ مقابلہ میں فتح کے بعد آسٹریلیا کو 7 ایک روزہ میچز کی طویل سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اگلا ایک روزہ میچ 21 جنوری کو ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔