پاکستان سپر لیگ، تمام فرنچائز، ٹائٹل اسپانسرشپ اور نشریاتی حقوق فروخت

1 1,066

تمام خدشات اور رکاوٹوں کے باوجود پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں ایک بہت بڑا ور اہم قدم اٹھ گیا ہے۔ یہ خواب بالآخر کئی کوششوں کے بعد اب کامیابی کا روپ دھار رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کامیابی کے ساتھ لیگ کی تمام فرنچائز، ٹائٹل اسپانسرشپ اور نشریات کے معاملات فروخت کردیے ہیں۔ اب لیگ کے پہلے ایڈیشن کے لیے کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور کی ٹیمیں میدان میں ہوں گی جن کے فرنچائز حقوق مجموعی طور پر 93 ملین ڈالرز میں فروخت کیے گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کی پانچ ٹیمیں خریدنے کے لیے حتمی بولی میں 7 ادارے موجود تھے۔ ان میں پاکستان سے اے آر وائے میڈیا گروپ، عمر ایسوسی ایٹس، عارف حبیب گروپ، ہائیر اور موبی لنک شامل تھے جبکہ ایک ادارہ متحدہ عرب امارات اور دوسرا قطر کا تھا۔ اے آر وائے گروپ کے سی ای او سلمان اقبال نے 26 ملین ڈالرز میں کراچی کے حقوق خریدے جبکہ لاہور 25 ملین ڈالرز میں قطر آئل کے ہاتھوں فروخت ہوا۔ ذرائع تو کہتے ہیں کہ لاہور کی ٹیم کا نام شیر دل ہوگا لیکن ابھی ایسی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ ہائیر گروپ کے سی ای او اور پاکستان کرکٹ کے پرانے ساتھی جاوید آفریدی نے پشاور کی فرنچائز 16 ملین ڈالرز میں خریدی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی فرنچائز کے حقوق 15 ملین ڈالرز میں متحدہ عرب امارات کے لیونائن گلوبل اسپورٹس نے خریدے۔ عمر ایسوسی ایٹس نے 11 ملین ڈالرز میں کوئٹہ کے حقوق حاصل کیے۔

پاکستان کے قدیم اور بڑے بینکوں میں سے ایک حبیب بینک لمیٹڈ نے ابتدائی تین سال کے لیے پاکستان سپر لیگ کی ٹائٹل اسپانسرشپ حاصل کی ہے۔ اس شراکت داری کے نتیجے میں اب یہ "ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ" کہلائے گی۔ پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ میں مثبت پیشرفت پر بہت خوش ہوں اور یہ لیگ کے سفر میں ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام مالکان کرکٹ کے زبردست پرستار ہیں اور لیگ کے ساتھ ان کی وابستگی ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ ایچ بی ایل کا پاکستان سپر لیگ کے ساتھ تعاون ایک مرتبہ پھر اشارہ کرتا ہے کہ مضبوط و مستحکم برانڈز لیگ کے ساتھ منسلک ہو رہے ہیں۔"

اگلے تین سال کے لیے نشریاتی حقوق بھی فروخت کیے گئے ہیں جس کی کوریج معروف عالمی ادارہ سن سیٹ+وائن پیش کرے گا جبکہ میچز ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس پر نشر ہوں گے۔ عالمی ٹی وی حقوق متحدہ عرب امارات میں قائم ادارے ٹیک فرنٹ کو فروخت کیے گئے ہیں۔

اب تمام پانچ ٹیموں کے کوچز کا انتخاب اگلے 10 دنوں میں ہو جائے گا۔ سری لنکا کے سنتھ جے سوریا، آسٹریلیا کے جان بکانن، ڈین جونز، اسٹیو رکسن اور سائمن ہیلمٹ، بھارت کے وینکٹش پرساد، انگلینڈ کے نک نیویل اور این پونٹ اور جنوبی افریقہ کے ڈيوس نوسورتھی اور ڈیل بینکسٹائن پہلے ہی کوچ کی خدمات کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدہ کرچکے ہیں۔

پاکستان کی تاریخ کی پہلی لیگ اگلے سال 4 سے 24 فروری تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی جس کے لیے تیاریاں اب عروج پر پہنچ جائیں گے۔ کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست بھی دسمبر کے خاتمے سے قبل تیار ہو جائے گی۔ اب تک جن کھلاڑیوں کے نام ظاہر ہوئے ہیں ان میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، کیرون پولارڈ، ڈیوین براوو، انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، آسٹریلیا کے شین واٹسن، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے اور تلکارتنے دلشان شامل ہیں۔