ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کا لوگو منظر عام پر

0 1,048

ہر گزرتے دن کے ساتھ شائقین کرکٹ کے لیے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا انتظار مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔’کل کرے سو آج کر، آج کرے سو اب‘ کے مصداق ہر کرکٹ پرستار بے چینی سے اس میگا ایونٹ کا منتظر ہے۔ اِسی انتظار کے دوران بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء کا لوگو متعارف کروا دیا ہے۔ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں لوگو میں ہمیشہ بہت خوبصورت علامات استعمال کی گئی ہیں اور اگلے سال کے لیے بھی اسی روایت کو برقرار رکھا گیا ہے۔ گلابی، جامنی اور نیلے رنگوں کے استعمال کے ساتھ ساتھ لوگو میں مردوں اور عورتوں کے لیے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی کو بھی جگہ دی گئی ہے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اگلے سال 11 مارچ سے 3 اپریل تک بھارت کے میدانوں میں کھیلا جائے گا۔ بین الاقوامی کرکٹ کا یہ ٹورنامنٹ پہلی بار بھارت میں کھیلا جا رہا ہے جس میں مجموعی طور پر 16 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ سرفہرست 8 ٹیمیں تو براہ راست مرکزی مرحلے (مین راؤنڈ) میں ہوں گی جبکہ 6 ٹیموں کا انتخاب کوالیفائرنگ راؤنڈ کے ذریعے ہوا ہے جو رواں سال آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں کھیلا گیا تھا۔ دونوں میزبانوں کےعلاوہ افغانستان، عمان، ہانگ کانگ اور نیدرلینڈز نےآئندہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے مرحلے میں جگہ پائی جہاں ان کا مقابلہ زمبابوے اور بنگلہ دیش کے ساتھ ہوگا۔اس ابتدائی مرحلے سے صرف دو ٹیمیں ہی آگے 'سپر 10' میں جائیں گی۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل ان میدانوں کے نام بھی جاری کرچکی ہے جہاں یہ مقابلے کھیلے جائیں گے ان میں بنگلور، چنئی، موہال، ممبئی، ناگ پور، کلکتہ اور نئی دہلی کے علاوہ دنیا کے خوبصورت ترین میدانوں میں سے ایک دھرم شالا بھی شامل ہے۔ کلکتہ کا ایڈن گارڈنز وہ خوش نصیب میدان ہے جہاں فائنل کھیلا جائے گا۔

لوگو کی رونمائی کے بعد شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے اس کے حوالے سے مثبت رائے دی ہے۔