پاکستان سپر لیگ ایک قدم اور آگے، کھلاڑیوں کی فہرست جاری

2 1,075

ابھی پچھلے ہفتے کی ہی تو بات ہے، جب پاکستان سپر لیگ کے لیے پانچوں ٹیموں کی نیلامی مکمل ہوئی تھی۔ تب سے انتظار تھا کہ آخر کون سے کھلاڑی لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ تو آج انتظار کی اس گھڑی کا بھی خاتمہ ہوگیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 308 کھلاڑیوں کی حتمی فہرست مرتب کرلی ہے اور حتمی ٹیموں کا انتخاب اسی میں سے ہوگا۔

اگلے سال 4 سے 23 فروری تک متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں طے شدہ پاکستان سپر لیگ میں کون سا کھلاڑی کس کی جانب سے کھیلے گا، یہ 20 یا 21 دسمبر کو معلوم ہو جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیلامی کے طریقے کھلے طریقے کے بجائے کھلاڑیوں کو پانچ زمروں میں تقسیم کیا ہے۔ جنہیں پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ یعنی ابھرتے ہوئے کے نام دیے گئے ہیں۔ اب فرنچائز مالکان کو ان زمروں میں سے ہی کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہوگا جس کے لیے وہ پابند ہوں گے کہ ابتدائی تین زمروں میں سے تین، تین کھلاڑیوں کا انتخاب کریں۔ اس طرح ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں میں سے بھی لازمی دو کو چننا ہوگا اور پھر سلور میں سے بھی پانچ کھلاڑی شامل کیے جائیں گے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے حوالے سے طے کیا گیا ہے کہ ہر فرنچائز کو کم از کم چار غیر ملکی لازمی شامل کرنا ہوگا۔

پلاٹینم زمرے میں دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے نام شامل ہیں، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، ڈیوین براوو، ڈیرن سیمی، مارلون سیموئلز، آندرے رسل اور ڈیوین اسمتھ، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے، لاستھ مالنگا، تلکارتنے دلشان اور اینجلو میتھیوز، آسٹریلیا کے شین واٹسن، بریٹ لی اور بریڈ ہیڈن، انگلستان کے این بیل اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن جبکہ پاکستان کے شاہد آفریدی، محمد حفیظ، مصباح الحق اور یونس خان بھی 27 کھلاڑیوں کے حامل اس زمرے کا حصہ ہیں۔

ڈائمنڈ زمرے میں انگلستان کے معین علی، ٹم بریسنن، روی بوپارا اور پاکستانی نژاد اظہر محمود کے علاوہ آسٹریلیا کے شان ٹیٹ، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر اور دنیش رامدین اور نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ اور جیمز فرینکلن بھی شامل ہیں۔ اس فہرست میں کل 41 کھلاڑی شامل ہیں۔

دوسری طرف اسپاٹ فکسنگ کے نتیجے میں پانچ سال کی طویل پابندی کی سزا مکمل کرنے والے محمد عامر کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شاندار کارکردگی کے بعد خاصی ہمدردی حاصل ہو چکی ہے اور اب وہ پاکستان سپر لیگ کے گولڈ زمرے میں بھی شامل ہیں۔ اس زمرے میں ان کے علاوہ کل 59 کھلاڑی ہیں جن میں انگلستان کے عادل رشید بھی ہیں۔ اس زمرے انگلستان کے علاوہ افریقہ، آسٹریلیا، زمبابوے، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی بھی ہیں۔ پاکستان کے اہم کھلاڑیوں میں عمر گل اور اسد شفیق بھی اسی زمرے میں ہیں۔

سلور زمرے میں کل 122 کھلاڑی ہیں جن میں ویسٹ انڈیز، سری لنکا، انگلستان، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے علاوہ آئرلینڈ، افغانستان، کینیڈا، اسکاٹ لینڈ، امریکا اور متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں میں عثمان صلاح الدین، تاج ولی، تابش خان اور میر حمزہ شامل ہیں اور بلاشبہ ان 59 کھلاڑیوں کے لیے یہ زندگی تبدیل کرنے والا تجربہ ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں پانچوں ٹیموں کے کوچنگ عملے کو بھی حتمی صورت دے دی جائے گی۔

آپ 308 کھلاڑیوں کی مکمل فہرست یہاں دیکھ سکتے ہیں