ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء، پاکستان و بھارت پھر ایک ہی گروپ میں

1 1,006

دو سال قبل گزشتہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں آئے تھے لیکن اس مرتبہ تو ایک بار پھر "گروپ آف ڈیتھ" میں آمنے سامنے ہوں گے۔ یوں پاک-بھارت باہمی سیریز ہو یا نہ ہو، لیکن ہمیں آئندہ چند ماہ میں دونوں کا ٹاکرا ضرور نظر آئے گا۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 19 مارچ کو دھرم شالا کے خوبصورت میدان پر کھیلا جائے گا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء کے شیڈول کا اعلان ممبئ میں ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا جس میں ابتدائی 8 ٹیموں کے دو گروپوں کا اعلان ہوا۔ گروپ 1 میں دفاعی چیمپئن سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے علاوہ دو سابق ٹی ٹوئنٹی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور انگلستان شامل ہوں گے جبکہ گروپ 2 میں روایتی حریف پاکستان و بھارت کے علاوہ رواں سال ایک روزہ عالمی کپ کا فائنل کھیلنے والی آسٹریلیا و نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔ سپر 10 مرحلے میں دو مزید ٹیموں کا انتخاب کوالیفائنگ راؤنڈ سے ہوگا جس میں آٹھ ٹیمیں کھیلیں گی۔ جن میں بنگلہ دیش، نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور عمان پہلے گروپ میں جبکہ زمبابوے، اسکاٹ لینڈ، ہانگ کانگ اور افغانستان دوسرے گروپ میں ہوں گی۔ ان میں سے صرف دو ہی سپر 10 مرحلے میں جگہ پائیں گی۔ پہلے گروپ میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم سپر 10 کے گروپ 2 میں جگہ پائے گی جبکہ دوسرے گروپ کے فاتح کو گروپ 1 کو رکھاجائے گا۔

8 مارچ سے 3 اپریل تک 27 دنوں میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کل 58 میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے 35 مردوں کے ٹورنامنٹ میں ہوں گے جبکہ 23 ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کھیلے جائیں گے۔ اس اہم ٹورنامنٹ کے لیے جن میدانوں کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں بنگلور، چنئی، دھرم شالا، کلکتہ، موہالی، ممبئی، ناگ پور اور نئی دہلی شامل ہیں۔

پہلا سیمی فائنل 30 مارچ کو نئی دہلی میں جبکہ دوسرا 31 مارچ کو ممبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 3 اپریل کو کلکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن بننے والی ٹیم کو 5.6 ملین ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی جو گزشتہ ٹورنامنٹ کے مقابلے میں 86 فیصد زیادہ ہے۔

شاہد آفریدی کی زیر قیادت پاکستان اپنا پہلا مقابلہ 16 مارچ کو کوالیفائی کرنے والی ٹیم سے کھیلے گا جبکہ سب سے بڑا مقابلہ 19 مارچ کو بھارت کے خلاف دھرم شالا کے خوبصورت میدان میں ہوگا۔ پاکستان 22 مارچ کو نیوزی لینڈ اور 25 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف گروپ میچز کھیلے گا۔

واضح رہے کہ یہ شاہد آفریدی کا آخری بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہوگا۔ 2010ء میں ٹیسٹ اور 2015ء میں ایک روزہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد شاہد آفریدی نے اعلان کردیا تھاکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء کا مکمل شیڈول یہاں اور گروپ تقسیم یہاں پر دیکھیں۔