ٹیسٹ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ

0 1,091

ایک روزہ کرکٹ نے 1970ء کی دہائی کے اوائل میں جنم لیا اور تقریباً ساڑھے چار دہائیوں میں کل 27 ایسے بلے باز گزرے ہیں جنہوں نے ون ڈے کیریئر میں 100 یا اس سے زیادہ چھکے لگائے ہیں۔ بلکہ پاکستان کے شاہد آفریدی تو 350 کا ہندسہ بھی عبور کرگئے اور اُن کے ریٹائر ہوجانے کے باوجود اس انوکھے ریکارڈ کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ اس کے مقابلے میں ٹیسٹ کرکٹ لگ بھگ ایک صدی پہلے 1877ء میں شروع ہوئی اور اس کا مزاج ، آپ جانتے ہیں کہ بالکل ہی مختلف ہے، اسے ہونا بھی چاہیے، آخر ایک کے بجائے پانچ دن تک کھیلنا پڑتا ہے تو سنبھل کر کھیلنا پڑے گا اور اسی کی وجہ سے طویل طرز میں اب تک صرف ایک بلے باز ہی ایسا تھا جس نے اپنے پورے دور میں 100 چھکے لگائے ہوں۔ یہ آسٹریلیا کے عظیم وکٹ کیپر بیٹسمین ایڈم گلکرسٹ تھے جنہوں نے اپنے 96 مقابلوں پر مشتمل ٹیسٹ کیریئر میں 47.60 کے اوسط کے ساتھ 5570 رنز بنائے جس میں 677 چوکوں کے ساتھ ریکارڈ 100 چھکے بھی شامل تھے۔ لیکن اب اس اعزاز میں ایک اور بلے باز اُن کا شریک بن چکا ہے، یہ ہیں نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کولم۔

سری لنکا کے خلاف ڈنیڈن میں جاری پہلے ٹیسٹ میں برینڈن میک کولم نے دوسری اننگز میں صرف 6 گیندوں پر 17 رنز بنائے جس میں دو شاندار چھکے بھی شامل تھے۔ رنگانا ہیراتھ کو رسید کیا گیا اُن کا دوسرا چھکا دراصل ٹیسٹ تاریخ میں چھکوں کی سنچری کی تکمیل تھا۔ جس کے بعد نیوزی لینڈ نے 267 رنز پر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا اور سری لنکا کو 405 رنز کا ہدف دیا۔ جس کے حصول میں سری لنکا ناکام رہا اور نیوزی لینڈ نے پہلا ٹیسٹ 122 رنز سے جیت لیا۔ اس بارے میں تو آپ کو الگ سے رپورٹ میں بتائیں گے ہی لیکن فی الوقت بات کرتے ہیں میک کولم کے چھکوں کی "سنچری" کی۔ برینڈن نے اب تک 98 ٹیسٹ کی 170 اننگز میں 38.73 کے اوسط کے ساتھ 6237 رنز بنائے ہیں۔ یہ گلکرسٹ سے کہیں زیادہ رنز ضرور ہیں لیکن "گِلی"ایک تو اوسط کے مقابلے میں اُن سے کافی آگے ہیں دوسرا انہوں نے صرف 137 اننگز کھیلی تھیں ۔ بہرحال، تقابل دونوں کا کوئی نہیں۔ اپنے اپنے عہد میں دونوں نےآسٹریلیا و نیوزی لینڈ کے لیے بہت خدمات انجام دی ہیں بلکہ برینڈن تو اب قیادت کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے ہیں اور کیا خوب ادا کر رہے ہیں۔ بلاشبہ برینڈن میک کولم اس ریکارڈ کو توڑ دیں گے اور شاید اگلے ٹیسٹ میں توڑ دیں۔ یوں ملک کے لیے پہلی ٹرپل سنچری بنانے کے بعد وہ اس اہم ریکارڈ کو بھی اپنے نام کرلیں گے اور مستقبل میں ملک کے عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شمار ہوں گے۔

adam-gilchrist

ویسے متعدد بلے باز ایسے بھی ہیں جو چھکوں کی "سنچری" کے قریب پہنچے لیکن ہمت ہار بیٹھے۔ ان میں تاریخ کے عظیم ترین آل راؤنڈرز میں سے ایک جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس بھی شامل ہیں۔ ژاک نے 166 ٹیسٹ مقابلوں میں 1488 چوکوں اور 97 چھکوں کی مدد سے 13289 رنز بنائے، وہ بھی 55.37 کے زبردست اوسط کے ساتھ۔ لیکن صرف تین چھکوں کی وجہ سے اس اعزاز کو حاصل نہ کرسکے۔ ان کے علاوہ بھارت کے طوفانی بلے باز وریندر سہواگ بھی 91 چھکوں کے ساتھ " چھکوں کے نروس نائنٹیز" میں پہنچے۔ انہوں نے 104 ٹیسٹ کھیلے اور 1233 چوکوں کے ساتھ 91 چھکے رسید کیے۔ اگر ان کے کیریئر کو یکدم روک نہ لگ جاتی تو شاید وہ باآسانی اس مقام کو حاصل کرلیتے۔

لیکن ایک ایسا بلے باز ہے جو اب بھی اس ریکارڈ کو حاصل کر سکتا ہے، وہ ہیں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل۔ 103 ٹیسٹ میچز میں گیل کے چھکوں کی تعداد 98 ہے اور اب انہیں ایک اگر ٹیسٹ بھی کھیلنے کا موقع ملا تو کچھ بعید نہیں کہ پہلے ہی مقابلے میں اس منزل کو حاصل کرلیں۔

جاتے جاتے ذرا پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے والوں کے بارے میں بتاتے ہیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ کارنامہ کس نے انجام دیا ہے؟ نہیں نہیں، شاہد آفریدی نے نہیں۔ انہوں نے تو پورے کیریئر میں صرف 27 ٹیسٹ کھیلے تھے۔ پاکستان کے لیے یہ ریکارڈ مصباح الحق کے پاس ہے۔ جی ہاں! جن کو آپ طنزاً "ٹک ٹک" بھی کہہ جاتے ہیں۔ 61 ٹیسٹ میں 67 چھکوں کے ساتھ مصباح الحق طویل طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پاکستانی بلے باز ہیں جبکہ یونس خان 60 کے ساتھ ان سے کچھ ہی پیچھے ہیں۔ ابھی دونوں کے درمیان معاملہ قریبی ہے، دیکھتے ہیں کہ حتمی برتری کس کو حاصل ہوتی ہے۔ تب تک آپ سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں کی فہرست دیکھیں۔

ٹیسٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں چوکے چھکے
ایڈم گلکرسٹ آسٹریلیا 96 5570 204* 47.60 17 26 677 100
برینڈن میک کولم نیوزی لینڈ 98 6237 302 38.73 11 31 747 100
کرس گیل ویسٹ انڈیز 103 7214 333 42.18 15 37 1046 98
ژاک کیلس جنوبی افریقہ 166 13289 224 55.37 45 58 1488 97
وریندر سہواگ بھارت 104 8586 319 49.34 23 32 1233 91
برائن لارا ویسٹ انڈیز 131 11953 400* 52.88 34 48 1599 88
کرس کیرنز نیوزی لینڈ 62 3320 158 33.53 5 22 365 87
ویوین رچرڈز ویسٹ انڈیز 121 8540 291 50.23 24 45 1051 84
اینڈریو فلنٹوف انگلستان 79 3845 167 31.77 5 26 513 82
میتھیو ہیڈن آسٹریلیا 103 8625 380 50.73 30 29 1049 82