کون کتنے پانی میں؟ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

0 1,110

پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن میں کون کتنے پانی میں ہوگا؟ اس سلسلے میں آخری نام کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ہے۔ اگر انہیں پی ایس ایل کا ”چھپا رستم“ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ جو ٹیم سب سے پہلے کیون پیٹرسن پر ہاتھ رکھے اور اس کے بعد سرفراز احمد اور احمد شہزاد کا انتخاب کرے، اس کی سمجھداری میں بھلا کوئی شبہ ہوگا؟ ان تینوں کھلاڑیوں کی موجودگی سے بلے بازی کے شعبے کو تو بہت تقویت حاصل ہوگی۔

کمزوریاں

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کے مایہ ناز گیندباز عمر گل شاید اپنا عروج کا دور مکمل کر چکے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی میں ان سے اچھا گیندباز تو ڈھونڈنے سے بھی نہ ملے لیکن گزشتہ دو سالوں سے وہ نہ اچھی طرح فٹ ہیں اور نہ فارم میں آ سکے ہیں۔ سپر لیگ ان کے لیے ایک اہم موقع ہوگا جو ان کے مستقبل کا تعین کرے گا۔ اگر وہ چل پڑے تو یقین جانیں کوئٹہ کے لیے اس سے اچھی کوئی بات نہ ہوگی۔ لیکن اگر ”گلڈوزر“ نہ چل پایا تو شاید عمر گل ہی کوئٹہ کی سب سے بڑی کمزوری ثابت ہوں گے۔

حیران کن نام

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے منتخب ہونے سے قبل شاید اکبر الرحمٰن کا نام زیادہ لوگ نہ جانتے ہوں، لیکن ڈومیسٹک میں واقعی ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ لسٹ 'اے' میں تین سنچریاں اور تقریباً 40 کے اوسط کے ساتھ بلے بازی کرنے والے اکبر نے اس دوران خبروں میں جگہ پائی جب پی ایس ایل انتخاب کے دوران ہی انہوں نے نیشنل بینک کی جانب سے فرسٹ کلاس ڈبل سنچری بنائی۔ یہ ان کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وہ اوسط رفتار کے ساتھ گیندبازی بھی کرتے ہیں۔ اس لیے 32 سال کی عمر ہونے کے باوجود انہیں ایک عمدہ انتخاب کہا جا سکتا ہے۔

دستہ

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سب سے پہلے اس دستے کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے:

احمد شہزاد، لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن، ایلٹن چگمبورا، سرفراز احمد، سعد نسیم، اکبر الرحمٰن، جیسن ہولڈر، انور علی، ذوالفقار بابر اور عمر گل۔

ان کے علاوہ کوئٹہ کو محمد نواز، بلال آصف اور مقامی بسم اللہ خان کے ساتھ ساتھ افغانستان کے محمد نبی اور پاکستان کےاہم کھلاڑی اسد شفیق کی خدمات بھی حاصل ہوں گی۔ ویسے ابتدائی تجربے میں ناکامی کے بعد اکبر کی جگہ محمد نبی کا استعمال کیا جا سکتا ہے، جو حال ہی میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیل کر آئے ہیں۔

اضافی کھلاڑی

اگر یہ کہا جائے تو اضافی کھلاڑی کی حیثیت سے سب بڑا انتخاب کوئٹہ نے کیا ہے تو بے جا نہ ہوگا، انہوں نے دنیائے کرکٹ کے عظیم بلے بازکمار سنگاکارا کو منتخب کیا ہے۔ عین ممکن ہے کہ وہ ماسٹرز چیمپئنز لیگ سے فارغ ہونے کے بعد آدھے سیزن کے لیے کوئٹہ کی نمائندگی کریں۔ اس کے علاوہ اعزاز چیمہ اور رمیز راجہ جونیئر کو بھی سہارے کے لیے رکھا گیا ہے۔

Print