پاکستان سپر لیگ کے غیر معروف نام

0 1,022

کل 308 کھلاڑیوں میں سے 98 ہی ایسے خوش نصیب تھے جن کا نام پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن کے لیے منتخب ہوا۔ ان میں سے 80 حتمی 16 رکنی دستوں کا حصہ بنے جو متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر کھیلنے کے لیے چنے گئے ہیں۔ ان میں سے چند نام ایسے ہیں جن کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں، کم از کم پاکستان میں تو ایسا ہی ہے۔ یہ ‘چھپے رستم’ منظر عام پر آئیں گے تو ہو سکتا ہے کہ دنیائے کرکٹ کے چند بڑے ناموں کی بادشاہت خطرے میں پڑ جائے۔ آئیے دیکھتے ہیں پاکستان سپر لیگ کے چند غیر معروف نام:

جم ایلن بی

آسٹریلیا کے 33 سالہ جم ایلن بی کو پشاور زلمی نے منتخب کیا ہے۔ ویسٹرن آسٹریلیا کے لیے اپنا پہلا فرسٹ کلاس مقابلہ 2006ء میں کھیلنے کے باوجود انہیں کبھی ملک کے لیے کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ 33 سالہ باؤلنگ آل راؤنڈر نے پھر کاؤنٹی میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔ لیسٹر شائر کی جانب سے آغاز کرنے کے بعد انہوں نے پہلی بار گلے مورگن میں نام کمایا۔ 2013ء میں انہی کی شاندار کارکردگی کی بدولت گلے مورگن ای سی بی 40 کے فائنل تک پہنچا تھا۔ ایلن بی کی خاص بات یہ ہے کہ وہ صرف گیندبازی پر ہی نہیں بلکہ بیٹنگ پر بھی خاصا عبور رکھتے ہیں۔ ان کے اندر کسی بھی گیند کو میدان سے باہر پھینکنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس وقت وہ سمرسیٹ کی جانب سے کھیلتے ہیں۔

ایلن بی اب تک 109 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں اور 31.78 کے اوسط کے ساتھ 2702 رنز بنا چکے ہیں، وہ بھی 125 کے عمدہ اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ۔ ٹی ٹوئنٹی میں ان باؤلنگ اوسط بھی 31.73 ہے، جو برا نہیں ہے۔ دیکھتے ہیں ایلن پشاور زلمی کی امیدوں پر پورا اتر پاتے ہیں یا نہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کیریئر (بلے بازی)

مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط اسٹرائیک ریٹ سنچریاں نصف سنچریاں
109 2702 110 31.78 125.85 2 18

ٹی ٹوئنٹی کیریئر (گیندبازی)

مقابلے گیندیں رنز وکٹیں بہترین گیندبازی اوسط اکانمی
109 1462 1904 60 5/21 31.73 7.81

کیمرون ڈیلپورٹ

26 سالہ کیمرون ڈیلپورٹ کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے۔ گوکہ وہ بھی اب تک ملک کے لیے منتخب نہیں کیے گئے لیکن دنیا کی مختلف لیگز میں وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ بائیں ہاتھ سے جارحانہ بلے بازی اور دائیں ہاتھ سے تیز باؤلنگ کا ہنر رکھنے والے ڈیلپورٹ بگ بیش میں سڈنی تھنڈر اور کیریبیئن پریمیئر لیگ میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو ریڈ اسٹیل کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ 2014ء میں ہونے والی چیمپئنز لیگ میں ڈیلپورٹ کی اننگز آج بھی یاد کی جاتی ہے جب انہوں نے چنئی سپر کنگز کے خلاف 280 کے اسٹرائیک ریٹ سے صرف 9 گیندوں پر 34 رنز بنائے تھے۔ اس کارکردگی کو ذہن میں رکھیں تو قوی امید رکھی جا سکتی ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ڈیلپورٹ تماشائیوں کے لیے تفریح کا بھرپور سامان مہیا کریں گے اور ساتھ ہی اپنی ٹیم لاہور قلندرز کے لیے ایک اچھا انتخاب ثابت ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی کیریئر (بلے بازی)

مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط اسٹرائیک ریٹ سنچریاں نصف سنچریاں
79 1787 103* 24.81 137.67 1 9

ٹی ٹوئنٹی کیریئر (گیندبازی)

مقابلے گیندیں رنز وکٹیں بہترین گیندبازی اوسط اکانمی
79 432 547 19 3/26 28.78 7.59

کیون کوپر

کیون کوپر کا نام اُتنا بڑا نہیں جتنا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اُن کا کردار ہے۔ کوپر کو 'ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ' کہا جائے تو بے جا نہیں ہوگا۔ چاہے بات ہو انڈین پریمیئر لیگ کی، بنگلہ دیش یا کیریبیئن لیگز کی، ٹرینیڈاڈ سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ کوپر نے ہر جگہ کمالات دکھائے ہیں۔ وہ اب تک 122 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں لیکن اچھی کارکردگی کے باوجود قومی ٹیم کی نظروں سے اوجھل ہیں۔ ان کو کس بری طرح نظر انداز کیا جا رہا ہے، اس کا اندازہ لگانے کے لیے یہی کافی ہے کہ آج تک انہوں نے صرف دو فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں۔ کوپر نے حال ہی میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں باریسال بلز کی نمائندگی کی، جہاں انہوں نے ٹیم کے فائنل تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں صرف 9.31 کے اوسط سے سب سے زیادہ 22 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور قلندرز نے بھی اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں منتخب کیا ہے اور توقع ہے کہ مایوسی نہیں ہوگی۔

ٹی ٹوئنٹی کیریئر (بلے بازی)

مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط اسٹرائیک ریٹ سنچریاں نصف سنچریاں
122 535 32 12.44 137.88 0 0

ٹی ٹوئنٹی کیریئر (گیندبازی)

مقابلے گیندیں رنز وکٹیں بہترین گیندبازی اوسط اکانمی
122 2467 2802 145 5/15 19.32 6.81

جیمز ونس

پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ماہ اپنے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا آغاز کرنے والے جیمز ونس بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرتے ہیں، اور کیا خوب کرتے ہیں۔ ہمپشائر کی قیادت کرنے والے ونس کو ان کی مستقل مزاجی اور بھرپور آل راؤنڈر صلاحیتوں کی بدولت قومی ٹیم میں جگہ دی گئی۔ جہاں اب تک وہ تین میچز میں 38، 41 اور 46 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر خود کو درست انتخاب ثابت کر چکے ہیں۔ ونس کی بلے بازی کو دیکھتے ہوئے انگلستان کے سابق کوچ ڈنکن فلیچر ایک بار ان کو سابق کپتان مائیکل وان سے بھی تشبیہ دے چکے ہیں۔ امید ہے کہ کراچی کی کمزور ٹیم کو ونس کا سہارا خوب ملے گا، اور وہ ویسی ہی کارکردگی دکھائیں گے جیسی ان سے امیدیں وابستہ ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کیریئر (بلے بازی)

مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط اسٹرائیک ریٹ سنچریاں نصف سنچریاں
103 2717 107* 31.22 130.43 1 18

ٹی ٹوئنٹی کیریئر (گیندبازی)

مقابلے گیندیں رنز وکٹیں بہترین گیندبازی اوسط اکانمی
103 72 81 3 1/5 27.00 6.75