انگلستان عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن کی طرف گامزن

0 1,017

سری لنکا کے خلاف انگلستان کی حیران کن و شاندار فتح نے اسے ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں ایک مرتبہ پھر دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے قریب پہنچا دیا ہے۔

کارڈف میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں، جس میں نتیجہ نکلنے کی کوئی امید نہ تھی، انگلش باؤلرز نے آخری روز معجزانہ طور پر انگلستان کو فتح دلائی اور سری لنکا کو 82 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ یوں انگلستان نے پہلا ٹیسٹ ایک اننگ اور 14 رنز سے جیت لیا۔

میچ میں گریم سوان نے 7 وکٹیں حاصل کیں اور باؤلرز کی عالمی درجہ بندی میں اپنی دوسری پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا۔ وہ 32 ریٹنگ پوائنٹس کے حصول کے ساتھ سرفہرست جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین کے مزید قریب پہنچ گئے ہیں۔

میچ میں انگلستان کی فتح میں اہم ترین کردار ادا کرنے والے کرس ٹریملٹ، جنہوں نے دوسری اننگ میں چار وکٹیں حاصل کیں، کیریئر کی بہترین رینکنگ 27 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

دوسری جانب بلے بازوں میں میچ کے بہترین کھلاڑی جوناتھن ٹراٹ اور این بیل نے کیریئر کی بہترین درجہ بندی حاصل کر لی ہے۔

میچ میں 203 رنز بنانے والے ٹراٹ ایک درجہ پھلانگ کر عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے حریف بلے باز کمار سنگاکارا نے یہ پوزیشن چھینی ہے۔ اب ان کی نظریں بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس پر مرکوز ہیں جو اس وقت عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ہیں۔

سیریز کے آغاز سے قبل کمار سنگاکارا ٹنڈولکر اور کیلس سے صرف پوائنٹ کے فاصلے پر تھے اور ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے مضبوط امیدوار تھے لیکن دونوں اننگز میں مایوس کن کارکردگی نے انہیں دوسری پوزیشن سے بھی محروم کر دیا۔ انہوں نے کارڈف ٹیسٹ میں 11 اور 14 رنز بنائے۔

انگلستان کی واحد اننگ میں ناقابل شکست 103 رنز بنانے والےاین بیل کیریئر میں پہلی مرتبہ 18 ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں۔

سری لنکا کے اوپنر تھارنگا پرناوتنا اور پرسنا جے وردھنے کو پہلی اننگ میں اچھی بلےبازی کے باعث درجہ بندی میں ترقی ملی ہے۔ پرناوتنا ایک درجہ پھلانگ کر 44 ویں جبکہ جے وردھنے چھ درجے ترقی پاکر 51 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

ناقص کارکردگی کے باعث اپنے درجوں سے محروم ہونے والے بلے بازوں میں مہیلا جے وردھنے تین درجے تنزلی کے بعد 10 ویں، تھیلان سماراویرا 11 ویں (ایک درجہ تنزلی)، کیون پیٹرسن 26 ویں (تین درجہ تنزلی)، اینڈریو اسٹراس 29 ویں (ایک درجہ تنزلی) اور تلکارتنے دلشان 34 ویں (ایک درجہ تنزلی) شامل ہیں۔

ٹیسٹ ٹیموں کی موجودہ عالمی درجہ بندی

شمار ملک میچز پوائنٹس ریٹنگ
1 بھارت 42 5357 128
2 جنوبی افریقہ 36 4228 117
3 انگلستان 45 5165 115
4 سری لنکا 27 2951 109
5 آسٹریلیا 43 4583 107
6 پاکستان 29 2870 90
7 ویسٹ انڈیز 25 2398 86
8 نیوزی لینڈ 32 2482 78
9 بنگلہ دیش 19 131 7