بی سی سی آئی ایوارڈز؛ سچن ٹنڈولکر سال کے بہترین کھلاڑی قرار

0 1,031

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سالانہ ایوارڈز میں عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کو سال کا بہترین بھارتی کھلاڑی قرار دیا گیا۔ لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر نے یہ اعزاز اکتوبر 2009ء سے ستمبر 2010ء تک کے عرصے کے لیے حاصل کیا جس میں انہوں نے 82 کی اوسط سے 1064 رنز بنائے اور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ کی واحد ڈبل سنچری بھی اسکور کی۔

سچن ٹنڈولکر بی سی سی آئی ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں

ممبئی میں منعقدہ بی سی سی آئی ایوارڈز کی تقریب میں بھارت کی عالمی کپ فاتح ٹیم اور متعلقہ عملے کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔

بھارت کے سابق آل راؤنڈر سلیم درانی کو کار نمایاں کے تاحیات اعزاز سے نوازا گیا۔ سلیم درانی نے 1960ء سے 1973ء تک 29 ٹیسٹ مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 1961-62ء کی ہوم سیریز میں انگلستان کے خلاف کلکتہ و مدراس ٹیسٹ مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بالترتیب 8 اور 10 وکٹیں حاصل کر کے بھارت کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں سب سے زیادہ شہرت 1971ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اسی کی سرزمین پر بھارت کی پہلی فتح میں نمایاں کردار ادا کرنے پر ملی جہاں انہوں نے پورٹ آف اسپین ٹیسٹ میں کلائیو لائیڈ اور گیری سوبرز کی وکٹیں حاصل کر کے بھارت کی جیت کی راہ ہموار کی تھی۔

کرناٹک سے تعلق رکھنے والے منیش پانڈے کو ڈومیسٹک کرکٹ کے بہترین بلے باز کا اعزاز دیا گیا۔ انہوں نے رانجی ٹرافی کے مقابلوں میں 882 رنز بنائے۔ ابھیمنیو متھن کو رانجی ٹرافی میں 47 وکٹیں حاصل کرنے پر بہترین گیند باز قرار دیا گیا۔