نیوزی لینڈ اب پاکستان کا سامنا کرنے کو تیار

0 1,040

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئںٹی میں شاندار کامیابی کے بعد اب نیوزی لینڈ کا معرکہ ہونا ہے پاکستان کے ساتھ، جہاں تین ایک روزہ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں گی سیریز کھیلی جانی ہے۔ نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی مرحلے کے لیے سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا ہے، جس میں لیگ اسپن آل راونڈر ٹوڈ ایسٹل کو موقع دیا گیا ہے۔

جمعہ سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے ٹوڈ کا انتخاب ایش سودھی کی جگہ ہوا ہے۔ انہوں نے تین سال قبل سری لنکا کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور اس کے بعد سے انہیں اب تک کوئی موقع نہیں دیا گیا۔ ایش سودھی سری لنکا کے خلاف حالیہ ایک روزہ سیریز میں تین مقابلے کھیلے تھے مگر کامیاب نہ ہوسکے۔ پھر پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی 33 رنز پر صرف ایک ہی وکٹ لے سکے، یہی وجہ ہے کہ انہیں "آرام" دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ سودھی کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے کھیلنے کے امکانات بدستور موجود ہیں اور ٹوڈ کا انتخاب اہم ٹورنامنٹ کے لیے بہتر انتخاب پر غور کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

ابھی گزشتہ ہفتے ہی کی بات تھی کہ نیوزی لینڈ کے کوچ مائیک ہیسن نے کہا تھا کہ نیوزی لینڈ کی کوشش ہے کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں تین اسپنرز کے ساتھ جائے کیونکہ بھارت کی وکٹیں اسپن گیندبازوں کے لیے مددگار ہوتی ہیں۔ ایسٹل کے ساتھ ساتھ بائیں ہاتھ سے اسپن باؤلنگ کرنے والے مچل سینٹنر بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

ہیسن کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے مضبوط دستہ تشکیل دیا جائے، جس کے لیے ضروری ہے کہ تمام ممکنہ کھلاڑیوں کو مواقع دے کر اندازہ لگایا جائے کہ کون کتنے پانی میں ہے۔ ٹوڈ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ کینٹربری کی جانب سے مسلسل اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، اور پاکستان کے خلاف موقع دینے کی وجہ بھی یہی ہے۔

اگر ٹوڈ ایسٹل کی حالیہ کارکردگی کی بات کی جائے تو گزشتہ سال سری لنکا 'اے' کے خلاف نیوزی لینڈ 'اے' کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے میچ میں 11 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ پھر کینٹربری کی جانب سے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی لیگ میں بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور 10 مقابلوں میں 6.48 کی اوسط سے سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ جبکہ 50 اوورز کے مقابلوں میں بھی اُن کی کارکردگی شاندار رہی۔ انہوں نے پانچ مقابلوں میں 11.18 کی اوسط سے 11 وکٹیں ہی نہیں لیں بلکہ 73.50 کی اوسط سے 147 رنز بھی بنائے تھے۔

ایسٹل کی شمولیت کے علاوہ دستے میں اہم خبر روس ٹیلر کو ابتدائی مقابلے کے لیے دیا گیا آرام بھی ہے۔ ان کی جگہ ٹام لیتھم پر بھروسہ کیا گیا ہے البتہ ٹیلر باقی دونوں مقابلوں میں دستیاب ہوں گے۔

اِن تبدیلیوں کے سوا تمام تمام کھلاڑی وہی ہوں گے، جنہوں نے سری لنکا کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اعلان کردہ نیوزی لینڈ کا دستہ:

کین ولیم سن (کپتان)، ایڈم ملنے، ٹام لیتھم، ٹرینٹ بولٹ، ٹوڈ ایسٹل، روس ٹیلر، کوری اینڈرسن، کولن منرو، گرانٹ ایلیٹ، لیوک رونکی، مارٹن گپٹل، مچل سینٹنر، مچل میک کلیناگھن اور میٹ ہنری۔