پرتھ میں رنز کا میلہ، آسٹریلیا بھارت پر غالب آ گیا

0 1,017

بلے بازی کے لیے انتہائی سازگار وکٹ پر آسٹریلیا کے لیے 310 رنز کے ہدف بھی معمولی سا رہا جس نے کپتان اسٹیون اسمتھ اور جارج بیلی کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت کے خلاف پہلا ایک روزہ باآسانی 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

گو کہ یہ مقابلہ واکا، پرتھ میں کھیلا گیا تھا لیکن یہاں 'بلے بازوں کے لیے جنت' دیکھ کر حیرت ہوئی کہ جس پر مہمان کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ کچھ عرصے سے ناکام شیکھر دھاون اِس میچ میں بھی کامیابی نہ سمیٹ سکے اور صرف 9 رنز بناکر جوش ہیزل ووڈ کا شکار ہوگئے، اِس وقت ٹیم کا اسکور صرف 36 رنز تھا۔ لیکن شیکھر کی وکٹ بھارت کے لیے اننگز کا آخری دکھ اور آسٹریلیا کے لیے واحد خوشی ثابت ہوئی کیونکہ اس کے بعد روہیت شرما اور نئے آنے والے ویراٹ کوہلی نے پہلے بلے بازی کے فیصلے کو ثابت کرنے کا عہد کرلیا۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 207 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ اِس دوران روہیت تو اپنی سنچری مکمل کرگئے مگر کوہلی محض 9 رنز کے فاصلے سے سنچری بنانے سے قاصر رہے اور 91 رنز بناکر جیمز فاکنر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بھارت 45 ویں اوور میں 243 رنز بنا چکا تھا اور باقی پانچ سے زیادہ اوورز میں مزید 66 رنز کا اضافہ کرکے 309 رنز تک پہنچ گیا۔ روہیت شرما نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 7 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 171 رنز بنائے۔

جوش ہیزل ووڈ آسٹریلیا کے کامیاب گیند باز رہے۔ اگرچہ اُنہوں نے وکٹ تو ایک ہی لی مگر 10 اوورز میں صرف 41 رنز دیے جس کی بدولت رنز کی رفتار خاصی حد تک کم ہوئی۔

بھارت کے بعد جب میزبان بلے باز میدان میں اترے تو توقع تھی کہ وہ بھرپور جواب دیں گے۔ لیکن اپنا پہلا ایک روزہ کھیلنے والے بھارتی گیند باز بریندر سرن نے ابتدا ہی میں آسٹریلیا خطرناک اوپننگ جوڑی کو ٹھکانے لگا دیا۔ صرف 21 رنز پر آرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر دونوں پویلین میں بیٹھے تھے۔ گمان ہوا کہ شاید وکٹ کے تیور بدل گئے ہیں لیکن کپتان اسٹیون اسمتھ اور جارج بیلی نے بھاری ذمہ داری اٹھائی اور اسے بہت ہی احسن انداز میں نبھایا۔

اسمتھ اور بیلی کی کارکردگی دیکھ کر تو روہیت اور ویراٹ کی شراکت داری ماند پڑ گئی۔ دونوں نے انتہائی دباؤ میں بلے بازی سنبھالی اور تیسری وکٹ پر 242 رنز جوڑے۔ دونوں بلے باز اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد آخر تک ناقابل شکست رہنے کا ارادہ کیے ہوئے تھے کہ بھارت سے باہر بے اثر دکھائی دینے والے روی چندر آشون کو کچھ جوش آیا اور انہوں نے بیلی کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ انہوں نے دو چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 120 گیندوں پر 112 رنز بنائے۔ اس کے بعد انہوں نے گلین میکس ویل کی وکٹ بھی حاصل کی جو محض 6 رںز بنا سکے۔ یوں 273 رنز تک آسٹریلیا ک چار کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔ اس کے بعد اسمتھ اور مچل مارش 308 رنز تک پہنچ گئے اور جب صرف دو رنز درکار تھے تو سرن کو اسمتھ کی صورت میں ایک اور وکٹ مل گئی۔ اسمتھ دو چھکوں اور 11 چوکوں کے ساتھ 149 رنز بنا کر واپس لوٹے اور اگلی ہی گیند پر فاکنر نے میچ کا خاتمہ کردیا۔

سرن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا مگر روہیت کی ایک اور سنچری کی طرح وہ بھارت کو کامیابی نہ دلا سکے۔ آشون کے حصے میں بھی دو بے سود وکٹیں آئیں۔

شاندار 149 رنز پر اسٹیون اسمتھ کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔ اب دونوں ٹیمیں 15 جنوری کو برسبین میں دوسرا ایک روزہ کھیلیں گی۔