بھارتی بیٹسمین صرف اپنے لیے کھیلتے ہیں: میکس ویل

0 1,054

بھارت آسٹریلیا کے ہاتھوں ایک روزہ سیریز میں بدترین شکست کے بعد ابھی اپنے زخم چاٹ ہی رہا تھا کہ تیسرے ایک روزہ کے مردِ میدان گلین میکس ویل 'نمک' لے کر پہنچ گئے اور یہ کہہ کر بھارت کے زخموں پر چھڑک دیا کہ بھارت کے کھلاڑیوں کی زیادہ توجہ ذاتی سنگ میل حاصل کرنے پر ہوتی ہے۔

ملبورن میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ کے دوران گلین میکس ویل ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر 96 رنز تک پہنچے اور بغیر رکے ایک مرتبہ پھر گیند کو باؤنڈری لائن پار کرانے کی کوشش میں 96 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ وہ بارہا اس طرح سنچری کے بہت قریب پہنچ کر آؤٹ ہوئے ہیں اور بلاشبہ یہ بات کہہ سکتے ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میکس ویل ایک سوال کا جواب دے رہے تھے جس میں پوچھا گیا تھا کہ کیا میتھیو ہیڈن کا کہنا درست ہے کہ جب بھارتی کھلاڑی سنچری کے قریب پہنچتے ہیں تو ان کی رنز بنانے کی شرح سست پڑ جاتی ہے؟ اس پر میکس ویل نے کہا کہ "غالباً بھارتی بلے باز یقینی بناتے ہیں کہ وہ یہ سنگ میل حاصل کرلیں۔" ہیڈن نے 2004ء میں کہا تھا کہ برصغیر کے کھلاڑی ذاتی سنگ میل حاصل کرنے کے لیے کھیلتے ہیں۔

بھارت کے بلے باز آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز کے ابتدائی تین مقابلوں میں تین سنچریاں بنا چکے ہیں اور تینوں ہی شکس خوردہ ثابت ہوئیں۔ پہلے دونوں میچز میں روہیت شرما نے دو عمدہ اننگز کھیلیں اور تیسرے میں ویراٹ کوہلی سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے۔ لیکن نہ روہیت کی 171 اور 124 رنز کی اننگز کام آئیں اور نہ ہی ملبورن میں 24 ویں ایک روزہ سنچری بنانے والے ویراٹ کا کارنامہ۔ بھارت کو تینوں ہی مواقع پر شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

اپنے بیٹنگ انداز کے بارے میں سوال پر میکس ویل نے کہا کہ میں ایک پرکشش بیٹسمین نہیں بننا چاہتا، میں بس چاہتا ہوں کہ جس مقصد کے لیے میدان میں اتروں، وہ پورا ہو جائے۔

ان کی 83 گیندوں پر 96 رنز کی طوفانی اننگز نے آسٹریلیا کو سیریز میں فاتحانہ برتری دلا دی ہے اور اب آسٹریلیا کی نظریں آخری دو مقابلے بھی جیت کر کلین سویپ کرنے پر مرکوز ہیں۔