واحد ٹی ٹوئنٹی؛ بھارت ڈگمگانے کے باوجود ویسٹ انڈیز کو زیر کرنے میں کامیاب

3 1,021

آخری اوورز کی دھواں دار اننگز نے بھارت کو ویسٹ انڈیز کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میں فتح دلا دی۔

ٹاپ اسکورر بدری ناتھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

عالمی چیمپین بننے کے بعد بھارت کے پہلے بین الاقوامی دورے کا باضابطہ آغاز سنیچر کے روز پورٹ آف اسپین میں واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوا جس میں حیران کن طور پر اسپنرز کے لیے انتہائی سازگار وکٹ پر ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ درست بھی تھا، بھارت ابتداء ہی میں کپتان ڈیرن سیمی کی تیز گیندوں اور بعد ازاں اسپنرز جوڑی ایشلے نرس اور دیوندر بشو کے ہاتھوں جدوجہد کرتا دکھائی دیا۔ میچ کے ابتدائی 15 اوورز تک ویسٹ انڈیز مکمل طور پر میچ پر حاوی تھا لیکن آخری 5 اوورز کی ناقص گیند بازی اور بھارت کے بلے بازوں کی شعلہ فشانی میچ کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں سے چھین لے گئی۔

56 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد، جو تمام حریف کپتان ڈیرن سیمی کے ہاتھ لگیں، بھارت بدری ناتھ اور روہیت شرما کی اننگز کی بدولت کچھ بہتر پوزیشن میں آیا۔ بدری ناتھ نے 43 اور روہیت شرما نے 26 رنز بنائے۔ آخر میں یوسف پٹھان اور ہربھجن سنگھ کی مختصر لیکن پر اثر اننگز نے میچ کا پانسہ بھارت کے حق میں پلٹ دیا۔ آخری 5 اوورز نے بھارتی بلے بازوں کی تیز رفتاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مذکورہ اوورز میں انہوں نے 72 رنز جوڑے۔

جواب میں ویسٹ انڈین بلے باز عالمی چیمپین کے لیے کوئی خطرہ نہ بن سکے اور ایسا لگتا تھا کہ ان کی ترجیح وکٹیں بچانا ہے نا کہ ہدف تک پہنچنا۔ یہی وجہ ہے کہ ابتدائی 15 اوورز تک گو کہ ویسٹ انڈیز کی محض 2 وکٹیں گریں لیکن ہربھجن سنگھ کے ایک ہی اوور میں دو جمے ہوئے بلےبازوں کی میدان بدری نے ویسٹ انڈیز کی موہوم سی امید کا چراغ بھی گل کر دیا۔

اس میں کچھ ویسٹ انڈیز کی بدقسمتی کا بھی ہاتھ تھا۔ روہیت شرما کا کیچ ڈراپ کیا گیا تو دوسری جانب بدری ناتھ کا کیچ لے تو لیا گیا لیکن امپائرز نے نوبال قرار دے دی۔ پھر 36 کے انفرادی اسکور پر بدری ناتھ واضح اسٹمپڈ ہونے کے باوجود امپائر کے تیسرے امپائر سے رابطہ نہ کرنے کے باعث بچ گئے۔ یوں بھارت کو اہم مواقع پر زندگیاں ملیں۔

جواب میں ویسٹ انڈیز انتہائی سست رفتاری سے کھیلتا نظر آیا جو ایک روزہ میچ کے لیے تو مناسب اننگز تھیں لیکن ٹی ٹوئنٹی کے لیے ہر گز نہیں۔ ٹاپ اسکورر ڈیرن براوو نے 41 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنائے۔ البتہ ویسٹ انڈیز کچھ بدقسمت بھی رہا خصوصاً ان فارم لینڈل سیمنز کو امپائر نے جس متنازع انداز میں آؤٹ دیا، اس پر انہیں ضرور تیسرے امپائر سے رجوع کرنا چاہیے تھا لیکن انہوں نے اپنے فیصلے کے مقدم جانا اور سیمنز کو میدان سے باہر کی راہ دکھائی۔ آخر میں کرسٹوفر بارنویل کے بلے نے کچھ آگ اگلی لیکن اس وقت میچ ہاتھ سے نکل چکا تھا۔ بارنویل نے 16 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کو فیصلہ کن دھچکا ہربھجن سنگھ نے پہنچایا جنہوں نے اننگ کے 16 ویں اوور میں مارلون سیموئلز اور ڈیرن براوو دونوں کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو میچ سے مکمل طور پر باہر کر دیا۔

ٹاپ اسکورر بدری ناتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت اور ویسٹ انڈیز اب 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں آمنے سامنے ہوں گے جس کا پہلا معرکہ 6 جون کو پورٹ آف اسپین کے اسی میدان کوئنز پارک اوول میں کھیلا جائے گا۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ بھارت

واحد ٹی ٹوئنٹی، کوئنز پارک اوول، پورٹ آف اسپین، ٹرینیڈاڈ

4 جون 2011ء

نتیجہ: بھارت16 رنز سے فاتح

مین آف دی میچ: ایس بدری ناتھ

بھارت رنز گیندیں چوکے چھکے
پارتھیو پٹیل ک سیموئلز ب سیمی 26 20 2 1
شیکھر دھاون ک فلیچر ب سیمی 5 12 0 0
ویرات کوہلی ک ہیاٹ ب سیمی 14 11 2 0
ایس بدری ناتھ ک فلیچر ب بشو 43 37 5 0
سریش رائنا ک بارنویل ب سیمی 2 6 0 0
روہیت شرما ب بارنویل 26 23 0 2
یوسف پٹھان ناٹ آؤٹ 15 6 0 2
ہربھجن سنگھ ناٹ آؤٹ 15 7 1 1
کل رنز 6 کھلاڑی آؤٹ؛ 20 اوورز 159

 

ویسٹ انڈیز باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
روی رامپال 4 0 38 0
آندرے رسل 2 0 26 0
ڈیرن سیمی 4 0 16 4
ایشلے نرس 4 0 23 0
دیوندر بشو 4 0 31 1
کرسٹوفر بارنویل 2 0 24 1

 

ویسٹ انڈیز رنز گیندیں چوکے چھکے
آندرے فلیچر ب مناف پٹیل 11 16 0 1
لینڈل سیمنز ک کوہلی ب آشون 9 9 1 0
ڈیرن براوو ب ہربھجن سنگھ 41 41 5 0
مارلون سیموئلز ک پارتھیو پٹیل ب ہربھجن سنگھ 27 29 3 0
ڈینزا ہیاٹ ناٹ آؤٹ 14 7 1 1
ڈیرن سیمی ک کوہلی ب پروین کمار 0 2 0 0
کرسٹوفر بارنویل ناٹ آؤٹ 34 16 2 3
کل رنز 5 کھلاڑی آؤٹ؛ 20 اوورز 143

 

بھارت باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹیں
پروین کمار 4 1 27 1
ہربھجن سنگھ 4 0 25 2
روی چندر آشون 4 0 30 1
مناف پٹیل 4 0 35 1
یوسف پٹھان 4 0 22 0