بھارت نے 'موقع' سے فائدہ اُٹھالیا

2 1,008

پانچ میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز میں چار، ایک سے شکست کے بعد یقیناً بھارتی کیمپ میں مایوسی ہوگی، لیکن بھارتی ٹیم کے پاس اِس مایوسی کو دور کرنے کا بہترین موقع ٹی ٹوئنٹی سیریز کی صورت میں تھا، اور اِسی موقع کا بھرپور فائدہ بھارت نے پہلے ایک میچ میں میزبان آسٹریلیا کو 37 رنز سے شکست دے کر اُٹھایا۔

آسٹریلوی کپتان آرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بلے بازی کی دعوت دی جس کا بھارتی بلے بازوں نے خوب فائدہ اُٹھایا اور ویرات کوہلی کے ناقابل شکست 90 رنز کی بدولت میزبان کو 189 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی آغاز تو بہت ہی جاندار تھا لیکن باقیماندہ کھلاڑی اِس شاندار آغاز کا فائدہ نہیں اٹھا سکے اور بھارتی ٹیم کی جانب اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے جسپریت بمرا کی جانب سے شاندار گیند بازی کے سبب پوری آسٹریلین ٹیم 19.3 اوورز میں 151 رنز پر پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔انہوں نے 3.3 اوورز میں 23 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، جن کا باقی گیند بازوں نے بھی بھرپور ساتھ دیا۔ رویندر جدیجا، روی چندر آشون اور ہاردیک پانڈیا نے دو، دو کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلیا کی جانب سے آرون فنچ نے 33 گیندوں پر سب سے زیادہ 44 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل تھے۔ انہوں نے وارنر کے ساتھ 47  کی شراکت داری قائم کی۔ ان کے جانے کے بعد اسمتھ وکٹ پر آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 42  کی شراکت داری جوڑی لیکن پھر وہ بھی چلتے بنے۔ اِس وقت تک رنز مکمل رفتار سے بن رہے تھے کہ آسٹریلیا نے 89 رنز صرف نوے اوور میں ہی بنالیے تھے۔ لیکن پھر بھارتی اسپنرز ایکشن میں آئے اور بقیہ آٹھ کھلاڑی صرف 62 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

اِس سے قبل بھارتی بلے بازوں نے ایک بار پھر اپنی فارم کو برقرار رکھا۔ شیکھر دھاون اور روہیت شرما نے پہلی وکٹ کے لیے صرف چار اوور میں 40 رنز بنالیے۔ لیکن اِسی موقع پر صرف ایک رنز کے فاصلے پر دونوں اوپنرز آوٹ ہوگئے۔ جس کے بعد رنز کو بڑھانے کی ذمہ داری سریش رائنا اور ویراٹ کوہلی کے کاندھوں پر آگئی اور دونوں نے بہت ہی خوبصورتی سے اپنی ذمہ داری کو سرانجام دیا کہ تیسری وکٹ کے لیے 136 کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کردیا۔ 175 کے مجموعی اسکور پر رائنا 34 گیندوں پر 41 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے کامیاب گیند باز شین واٹسن رہے جنہوں نے اپنے کم بیک میچ میں چار اوورز میں 24 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جبکہ باقی تمام ہی گیند باز بہت مہنگے ثابت ہوئے۔

شاندار بلے بازی کرنے پر ویراٹ کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 29 جنوری کو میلبرن کے میدان میں کھیلا جائے گا۔