شاہد آفریدی 150 بچوں کو پی ایس ایل لے جائیں گے

6 1,192

شاہد آفریدی ان خوش ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جو جیسا بھی کھیل پیش کریں، ان کی مقبولیت میں کمی نہیں آتی۔ بلاشبہ وہ اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے کھلاڑی ہیں، اس کی ایک وجہ ان کا خدمت خلق کا کام بھی ہے جو انہیں باقیوں نے منفرد و ممتاز مقام عطاکرتا ہے۔

چند روز بعد شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں شاہد خان آفریدی پشاور زلمی کی قیادت کریں گے اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ آرمی پبلک اسکول کے 150 طالب علموں کو متحدہ عرب امارات میں ہونے والی لیگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے لے جائیں گے۔

4 سے 23 فروری تک ہونے والی سپر لیگ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پشاور زلمی کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔

پشاور میں واقع آرمی پبلک اسکول دسمبر 2014ء میں دہشت گردوں کے ایک حملے کا نشانہ بنا تھا جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ اسکول کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ملک بھر میں اسکول و کالج کی سطح پر غیر نصابی سرگرمیوں میں کمی خطرناک رحجان ہے اور اس مسئلے کو جتنی جلدی ہو سکے، حل کرنے کی ضرورت ہے۔

شاہد آفریدی نے مزید کہاکہ پشاور زلمی کے لیے باصلاحیت نوجوانوں کی تلاش کے دوران اندازہ ہوا کہ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقہ جات میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں، صرف انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دونوں نے کھلاڑیوں میں ٹیم کی وردیاں بھی تقسیم کی۔