محمد عامر پر طنز، نیوزی لینڈ نے معافی مانگ لی

4 1,219

نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران اسٹیڈیم اناؤنسر کی گھٹیا حرکت پر باقاعدہ معافی مانگ لی ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے ویسٹ پیک اسٹیڈیم کے اناؤنسر مارک میک لوڈ کی جانب سے محمد عامر کی میدان میں آمد پر نقد نگار (کیش رجسٹر) کی آواز بجانے پر پاکستان سے معذرت کی ہے اور مارک کی بھی سرزنش کی ہے اور مستقبل میں ایسی کسی بھی حرکت سے باز رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ یہ مخصوص آواز بجانے کا مقصد صاف ظاہر تھا کہ عامر اب بھی اسپاٹ فکسنگ کرتے ہیں اور میدان میں آتے ہی ان کے پاس پیسے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ ہمیں انداز ہے کہ اس طرح کا عمل ناقابل برداشت اور کسی کی عزت نفس پر حملہ ہے۔ مقابلے کے بعد پاکستان ٹیم انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تھا اور اس حرکت پر معافی مانگی گئی تھی۔

دورۂ نیوزی لینڈ میں محمد عامر کے ساتھ یہ ناروا سلوک غیر متوقع نہیں ہے اور نہ ہی واحد مثال۔ ایک روزہ سیریز کے پہلے مقابلے میں ایک تماشائی باؤنڈری لائن پر موجود محمد عامر کی طرف دیکھ کر بار بار اپنے ہاتھوں میں موجود نوٹ لہراتا رہا۔ بعد ازاں محمد حفیظ نے ان کی مدد کی اور امپائر کے ذریعے میدان کے سیکورٹی انچارج کو مطلع کیا گیا۔ البتہ انتظامیہ نے تماشائی کو میدان بدر کرنے کے بعد محض اسے خبردار کرکے معاملے کو رفع دفع کردیا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں شائقین کرکٹ کو ایک خاص حد تک آزادی دی جاتی ہے۔ ہم کسی کو بھی اس وقت تک میدان سے نہیں نکال سکتے جب تک وہ غلط زبان یا اشاروں کا استعمال نہ کرے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہزاروں شائقین کی موجودگی میں انتظامیہ لوکوں کو پابند نہیں کر سکتی کہ وہ کیسا رویہ اپنائیں اور کس سے گریز کریں۔