ایشیا کپ کا اعلان، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے پہلے ہی پاک-بھارت ٹکراؤ ہوگا

1 1,070

پاکستان اور بھارت کے عوام کرکٹ سے حد درجہ محبت رکھتے ہیں بلکہ سرحد کے اُس پار تو اسے تقریباً مذہب کا درجہ حاصل ہے۔ دونوں ممالک کی سیاسی تاریخ کے پس منظر کو دیکھیں تو کرکٹ کے میدان میں دونوں کا ٹکراؤ کسی جنگ سے کم نہیں۔ کشیدگی میں بارہا اضافے کی وجہ سے باہمی کرکٹ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ 8 سالوں میں ہمیں شاذ و نادر ہی ان کے مقابلے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ بہرحال، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء سے قبل ہی ایک اور ایشیا کپ میں پاک-بھارت ٹکراؤ طے پا گیا ہے۔ 24 فروری سے شروع ہونے والا یہ ٹورنامنٹ اس بار ایک روزہ کے بعد بجائے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں پر مشتمل ہوگا تاکہ عالمی چیمپئن شپ سے قبل ٹیموں کو تیاری کا پورا موقع ملے۔

دونوں روایتی حریفوں اور میزبان بنگلہ دیش کے علاوہ سری لنکا بھی ایشیا کپ کھیلے گا بلکہ افغانستان، ہانگ کانگ، عمان اور متحدہ عرب امارات میں سے کوئی ایک ٹیم بھی شرکت کرے گی جن کا کوالیفائنگ راؤنڈ پہلے کھیلا جائے گا۔

یوں پاک-بھارت ٹکراؤ کے منتظر افراد کے لیے یہ ایک بڑی خوش خبری ہوگی کہ روایتی حریف فروری اور مارچ کے دوران کم از کم دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں ضرور آمنے سامنے ہوں گے۔ پہلے ایشیا کپ میں 27 فروری کو اور پھر 19 ورلڈ کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں۔ اگر پاکستان اور بھارت دونوں ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئے یا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہو گئے تو عین ممکن ہے مزید مقابلوں کی امید بھی کی جا سکتی ہے۔

آخری بار پاک-بھارت ٹکراؤ عالمی کپ 2015ء میں ہوا تھا جہاں بھارت نے گزشتہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو شکست دی تھی۔

شیڈول کے مطابق مرکزی مرحلے کا پہلا مقابلہ بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین 24 فروری کو ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر کل 11 مقابلے کھیلے جائیں گے۔

سری لنکا اس مرتبہ اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا جس نے 2014ء کے ایشیا کپ فائنل میں پاکستان کو شکست دی تھی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی طرز پر کھیلا جائے گا۔ 2016ء ہی نہیں بلکہ 2020ء کا ایشیا کپ بھی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے پہلے ہی آئے گا اور ممکنہ طور پر وہ بھی ٹی ٹوئنٹی ہی میں کھیلا جائے گا جبکہ 2018ء کا ایشیا کپ معمول کے مطابق ایک روزہ کی صورت ہی میں ہوگا۔

ایشیا کپ کے تمام مقابلہ میرپور، ڈھاکا کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 6 مارچ کو کھیلاجائے گا یعنی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے آغاز سے صرف دو دن پہلے۔

ایشیا کپ 2016ء - مکمل شیڈول

تاریخ بمقام بوقت
24 فروری بنگلہ دیش بمقابلہ بھارت ڈھاکہ 7 بجے شام
25 فروری سری لنکا بمقابلہ طے ہونا باقی ڈھاکہ 7 بجے شام
26 فروری بنگلہ دیش بمقابلہ طے ہونا باقی ڈھاکہ 7 بجے شام
27 فروری پاکستان بمقابلہ بھارت ڈھاکہ 7 بجے شام
28 فروری بنگلہ دیش بمقابلہ سری لنکا ڈھاکہ 7 بجے شام
29 فروری پاکستان بمقابلہ طے ہونا باقی ڈھاکہ 7 بجے شام
یکم مارچ بھارت بمقابلہ سری لنکا ڈھاکہ 7 بجے شام
2 مارچ بنگلہ دیش بمقابلہ پاکستان ڈھاکہ 7 بجے شام
3 مارچ بھارت بمقابلہ طے ہونا باقی ڈھاکہ 7 بجے شام
4 مارچ پاکستان بمقابلہ سری لنکا ڈھاکہ 7 بجے شام
5 مارچ فائنل ڈھاکہ 7 بجے شام