اسمتھ-کوہلی جھگڑے کی اصل وجہ؟ ہردیک پانڈیا

0 1,106

"وہ آیا، اس نے دیکھا اور فتح کرلیا" یہ محاورہ کرکٹ میں جن چند کھلاڑیوں پر صادق آتا ہے، ان میں سے ایک بھارت کے ویراٹ کوہلی ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھتے ہی انہوں نے شائقین کرکٹ کو اپنی بلے بازی کا گرویدہ بنا رکھا ہے۔ لیکن کوہلی کے مزاج میں زبردست تضاد پایا جاتا ہے، وہ ایک ٹھنڈے مزاج کے عمدہ بلے باز ہیں لیکن ویسے انتہائی سخت اور جارحانہ رویہ رکھتے ہیں۔

آسٹریلیا کے دورے پر موجود بھارت کی ٹیم کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی ہے لیکن اس دورے پر ویراٹ نے جس طرح اپنی موجودگی کو منوایا ہے، اس سے آسٹریلیا کے کھلاڑی خوش دکھائی نہیں دے رہے۔ اس کی ایک وجہ تو یہ کہ ویراٹ نے اپنے بلّے سے آسٹریلین باؤلرز کی ٹھیک ٹھاک دھلائی کی ہے، دوسری یہ کہ ان کی زبان سے آسٹریلیا کے سینئر کھلاڑی بھی محفوظ نہیں۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ایڈیلیڈ میں پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں کوہلی نے اسٹیون اسمتھ کا کیچ پکڑا اور پھر ضرورت سے زیادہ جشن منایا۔ مایوسی سے واپس جاتے ہوئے اسمتھ پر انہوں نے طنزاً اشارے بھی کیے اور بہت کچھ برا بھلا کہا۔ 'مرے کو سو درّے' یہ کہ 89 رنز پر ایک وکٹ کے ساتھ اچھی پوزیشن پر موجود آسٹریلیا اسمتھ کے بعد صرف 151 رنز تک ہی پہنچ سکا اور مقابلہ ہار گیا۔

مقابلے کے بعد ایک نئی بحث نے جنم لیا کہ آخر کوہلی کو اتنا جارحانہ رویہ اختیار کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ سب سے اہم سوال یہ تھا کہ کیا واقعی کوہلی صرف اس لیے اسمتھ پر غصہ کر رہے تھے کہ وہ ایک بین الاقوامی سطح کے مقابلے میں مائیک پر کمنٹیٹیرز سے گفتگو کر رہے تھے؟ کیونکہ انہوں نے کیچ پکڑنے کے بعد کچھ اشارے ایسے دیے تھے جن سے محسوس ہو رہا تھا کہ وہ اسمتھ کے بولنے پر معترض ہیں۔

لیکن کوہلی نے اس متنازع حرکت کا دفاع کرنے کے بجائے کہا ہے کہ مجھے پتہ ہی نہیں تھا کہ اسمتھ نے مائیک لگا رکھا ہے۔ ان کے مطابق "اسمتھ کو آؤٹ ہونے کے بعد جارحانہ ردعمل کی وجہ دراصل تیز باؤلر ہردیک پانڈیا کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک تھا۔" اسمتھ نے آؤٹ ہونے سے ایک اوور پہلے ہردیک کو ایک اوور میں 19 رنز بھی مارے اور انہیں کچھ کہا بھی۔ کیریئر کا پہلا مقابلہ پانڈیا کے لیے خوفناک ثابت ہوا جس میں پہلے ہی اوور میں انہوں نے پانچ وائیڈ گیندیں پھینکی اور ایک چھکا اور چوکا بھی کھایا۔ اس صورت حال میں اسمتھ نے انہیں زبانی طور پر بھی آڑے ہاتھوں لیا اور ان کے حوصلے مزید توڑنے کی کوشش کی اور یہی بات کوہلی کو بہت ناگوار گزری جن کا کہنا ہے کہ "میں نے بہتر سمجھا کہ پانڈیا کی طرف سے میں اسمتھ پر جوابی حملہ کروں۔"

ویسے کوہلی کا یہ جارحانہ ردعمل بھرپور کام کرگیا کیونکہ اس کے بعد آسٹریلیا کی کمر ہی ٹوٹ گئی اور وہ عبرت ناک شکست کے ساتھ سیریز سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا۔

ویسے میدان میں موجود بلے باز کو مائیک پر کمنٹیٹرز سے جوڑنے کا معاملہ اتنا متنازع ہو چکا ہے کہ اب شاید ہی کوئی دوبارہ ایسی حرکت کرے۔ دراصل اسمتھ مائیک پر بات کر رہے تھے کہ اسی اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے جس پر کہا جا رہا ہے کہ ایک بین الاقوامی مقابلے میں آخر بلے باز کو 'آن ایئر' لینے کی کیا تُک تھی۔