آئی سی سی اجلاس، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور اولمپکس میں شرکت زیر بحث آئے گی

0 1,099

سیاسی و مالی مفادات نے دنیا بھر کے عوام کو ایک دوسرے سے کافی دور کردیا ہے۔ صرف کھیل ہی ایسا شعبہ ہے جو لوگوں کو ایک دوسرے سے قریب لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کھیلوں سے متعلق عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی نے ذمہ داران کو مجبور کیا ہے کہ وہ ان کے فروغ کے لیے مزید اقدامات اٹھائیں۔ کچھ عرصہ قبل تک کرکٹ دنیا کے محض چند ممالک تک محدود تھا لیکن اب اس کا دامن وسیع ہو رہا ہے۔ امریکا سے لے کر چین تک آہستہ آہستہ مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ اس امر کا ادراک بین الاقوامی کرکٹ کونسل کو اچھی طرح ہے لیکن فی الحال اس کی نظریں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پر ہیں۔

سال 2016ء کے سب سے بڑے اور اہم ٹورنامنٹ کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا بورڈ اجلاس 4 فروری کو دبئی میں واقع صدر دفاتر میں ہوگا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ جو اہم معاملہ زیر غور آئے گا وہ اولمپکس اور دولت مشترکہ کھیلوں میں کرکٹ کی ممکنہ شرکت کے حوالے سے درپیش مسائل کا جائزہ ہے۔ بلاشبہ یہ دونوں کھیل، خاص طور پر اولمپکس، کرکٹ کے عالمی فروغ کے لیے بہت اہم ثابت ہوں گے۔ 2013ء کے دستور میں متوقع ترامیم، دو طرفہ سیریز کی ساخت اور شیڈول کے علاوہ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی تشکیل بھی زیر بحث آئے گی۔

آئی سی سی کے مطابق بورڈ اجلاس میں امریکا میں کھیل کو مقبول بنانے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے اور امریکا کی کرکٹ ایسوسی ایشن (یو ایس اے سی اے) کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ آئی سی سی نے اپنی جائزہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں گزشتہ سال یو ایس اے سی اے کو معطل کردیا تھا۔

بورڈ اجلاس میں انسداد بدعنوانی اور ڈوپنگ کے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے اور دیگر کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔