گیری کرسٹن جنوبی افریقہ کے کوچ مقرر، کئی اہم تبدیلیاں

0 1,175

جنوبی افریقہ نے گیری کرسٹن کو اپنا نیا کوچ مقرر کر دیا ہے جبکہ محددد اوورز کی ٹیم کی قیادت اے بی ڈی ولیئرز کو سونپ دی گئی ہے جبکہ ہاشم آملہ ان کے نائب ہوں گے۔

بھارت کو عالمی کپ جتانے والے گیری کرسٹن جنوبی افریقہ کی ٹیم میں نئی پھونک پائیں گے؟

عالمی کپ 2011ء میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں حیران کن شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد گریم اسمتھ نے پروٹیز ٹیم کی قیادت سے معذرت کر لی تھی اور وطن واپسی کے بجائے بیرون ملک دورے پر چلے گئے تھے تاہم انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں بدستور قائدانہ کردار نبھانے کی خواہش ظاہر کی تھی اور کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے ان کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے انہیں ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر برقرار رکھا ہے۔

سوموار کو کیا گیا ایک اور اہم فیصلہ ایلن ڈونلڈ کی بطور باؤلنگ کوچ تقرری تھی۔ حال ہی میں نیوزی لینڈ کی کوچنگ کرنے والے ایلن ڈونلڈ آسٹریلیا کے باؤلنگ کوچ کا عہدہ نہ ملنے پر مایوس ہو گئے تھے البتہ انہوں نے بلیک کیپس کے ساتھ کام کرنے کو جاری رکھنے کا بیان دیا تھا لیکن گزشتہ دنوں انہوں نے اچانک عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔ ان کے اچانک فیصلے نے کرکٹ کے کئی ماہرین کو چوکنا کر دیا اور بہت سارے پنڈت اسی وقت سمجھ گئے کہ وہ اب اپنے آبائی وطن کی کوچنگ کے لیے پر تول رہے ہیں۔ اور بالآخر سوموار کو متوقع اعلان ہو ہی گیا۔

جوہانسبرگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گیری کرسٹن نے بطور کوچ تقرری پر خوشی کا اظہار کیا اور اسے اپنے لیے باعث فخر قرار دیا۔

کرسٹن اپنے عہدے پر باضابطہ کام یکم اگست سے شروع کریں گے اور ان کا پہلا امتحان آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز ہوگی۔ گیری نے کوچ کا عہدہ عبوری کوچ کوری وان زائل کے بعد سنبھالا ہے جنہوں نے انگلستان کے خلاف گزشتہ ہوم سیریز کے بعد استعفیٰ دینے والے پروٹیز کوچ مکی آرتھر کی جگہ عہدہ سنبھالا تھا۔ عالمی کپ کے بعد بھارت کی کوچنگ سے استعفیٰ دینے والے گیری کرسٹن نے وطن واپسی پر جنوبی افریقہ کی کوچنگ کی خواہش ظاہر کی تھی۔

یہ کسی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنے کا گیری کرسٹن کا دوسرا تجربہ ہوگا اس سے قبل وہ بھارت کی قیادت کر چکے ہیں۔ ان کی زیر نگرانی بھارت نے ٹیسٹ کرکٹ کی درجہ بندی میں سرفہرست مقام حاصل کیا اور پھرایک روزہ کرکٹ کا عالمی کپ جیت کر انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

باؤلنگ کوچ کے عہدے پر تعینات کیے گئے ایلن ڈونلڈ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جب انہیں گیری کی کال موصول ہوئی تو انہوں نے ایک لحظے کا انتظار کیے بغیر 'ہاں' کر دی۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے اچانک نیوزی لینڈ کے باؤلنگ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دیا اور وطن واپسی کی راہ لی۔

ڈونلڈ کی تقرری کے ساتھ ہی موجودہ باؤلنگ کوچ ونسنٹ بارنیس کے عہد کا خاتمہ ہو گیا۔ وہ 2003ء سے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے ساتھ وابستہ تھے۔ ونسنٹ کو بنگلہ دیش نے کوچنگ کی پیشکش کی ہے تاہم انہوں سے اسے ٹھکرا دیا ہے۔