کیریبیئن لیگ: عامر، سلمان، آصف تینوں کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست میں شامل

2 1,032

لیگ کرکٹ نے ایسا راستہ کھولا ہے جس کے بعد ہر آئے دن ٹی ٹوئنٹی میلہ سجا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ بہت زیادہ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے کھلاڑیوں کا تھکاوٹ کا شکار ہونا اور قومی مقابلوں کے لیے کم موثر ہونا ایک الگ بحث لیکن ان ٹورنامنٹس سے کھلاڑیوں کی مالی حالت ماضی کے مقابلے میں کہیں بہتر ہوگئی ہے اور شائقین کرکٹ کو بھی دلچسپ کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی کیریبیئن پریمیئر لیگ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس نے رواں سال کے لیے کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست جاری کردی ہے جس میں نہ صرف پاکستان کے محمد عامر بلکہ اسپاٹ فکسنگ معاملے میں ان کے ساتھ پابندی کا شکار رہنے والے سلمان بٹ اور محمد آصف بھی شامل ہیں۔

طویل پابندی کے بعد "آزاد" ہونے والے کھلاڑیوں میں سے محمد آصف اور سلمان بٹ کا مستقبل خاص طور پر تاریک ہے لیکن ڈومیسٹک میں کارکردگی اور اب 11 فروری کو ہونے والے سی پی ایل ڈرافٹ میں شمولیت ان کے لیے امید کی کرن دکھائی دیتی ہے۔ اسپاٹ فکسنگ میں شریک جرم محمد عامر سزا مکمل ہونے کے بعد اب پاکستان کی قومی ٹیم کا حصہ ہیں بلکہ نیوزی لینڈ کے حالیہ دورے میں عمدہ باؤلنگ کے ذریعے ناقدین کے منہ بھی بند کر چکے ہیں۔

سی پی ایل کے ابتدائی پلیئرز ڈرافٹ میں کل 289 کھلاڑی شامل ہیں جن میں ویسٹ انڈیز کے 137 اور دیگر ممالک کے 132 کھلاڑی ہیں۔ 37 کھلاڑیوں کے کے ساتھ پاکستان ویسٹ انڈیز کے بعد کسی بھی ملک کے سب سے زیادہ کھلاڑی رکھتا ہے۔ ان میں شاہد آفریدی، مصباح الحق، شعیب ملک اور عمر اکمل بھی شامل ہیں۔ اس ابتدائی فہرست میں جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کی تعداد 34 ہے جن میں ہاشم آملا، مورنے مورکل اور عمران طاہر شامل ہیں۔ آسٹریلیا بریڈ ہیڈن، مائیکل ہسی اور شان ٹیٹ کے ساتھ 23، سری لنکا تلکارتنے دلشان، لاستھ مالنگا اور اجنتھا مینڈس کے ساتھ 20، نیوزی لینڈ 11 اور بنگلہ دیش 7 کھلاڑی رکھتا ہے۔ افغانستان، کینیڈا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ اور امریکا کے کھلاڑی بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔

cpl-t20