انڈر-19 عالمی کپ: پاکستان گروپ میں سرفہرست، کوارٹر فائنل تک رسائی

0 1,053

انڈر-19 عالمی کپ میں پاکستان نے حسن محسن کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا انڈر-19 کو 23 رنز سے شکست دے دی اور یوں اپنے گروپ میں سرفہرست پوزیشن حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کرلی ہے۔

میرپور، ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ازلی کمزوری کی وجہ سے شاید نوجوانوں کے لیے یہ دعوت اطمینان کا باعث ہو۔ لیکن 27 رنز پر کپتان ذیشان ملک کی صورت میں پہلی وکٹ گرنے کے بعد پاکستان محتاط ہوگیا۔ پھر سیف بدر اوپنر محمد عمر کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئے اور دونوں انتہائی سست روی سے 18 ویں اوور تک کھیلتے رہے۔ جہاں اسکور 68 رنز تک ہی پہنچ پایا تھا کہ سیف بدر کی 24 رنز کی اننگز مکمل ہوگئی۔ عمیر مسعود کا آنا محمد عمر کے لیے نیک شگون ثابت نہ ہوا اور اگلے ہی اوور میں ان کی 26 رنز کی اننگز بھی تمام ہوگئی۔ عمیر خود بھی کوئی نمایاں اننگز نہ کھیل سکے اور جب 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور صرف 96 رنز پر 4 آؤٹ تھا۔ یہاں سلمان فیاض آئے اور حسن محسن کے ساتھ ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے مجموعے کو 157 تک پہنچا دیا۔ سلمان 33 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ نصف ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد صرف حسن محسن ہی جمے ہوئے دکھائی دیے۔ باقی دوسرے کنارے پر کوئی ان کا ساتھ نہ دے پایا یہاں تک کہ 49 ویں اوور میں پوری ٹیم صرف 212 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ حسن محسن 86 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

Hasan-Mohsin

213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا پرسکون تھا۔ انہوں نے خود ہدف کا تعاقب چنا تھا اور وہ بھی اتنا آسان ملا تو انہیں جیتنا چاہیے تھے لیکن آج حسن محسن کا دن تھا۔ انہوں نے دونوں اوپنرز اوِشکا فرنینڈو اور کوین بندرا کو آؤٹ کیا اور محض چھٹے اوور میں سری لنکا 21 رنز پر دو کھلاڑیوں سے محروم ہو چکا تھا۔ یہاں کمنڈو مینڈس اور کپتان چارتھ اسالنکا اسکور کو 58 رنز تک لے گئے جب اسالنکا احمد شفیق کے ہاتھون آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے بہت جلد شامو آشان کی وکٹ بھی حاصل کرلی۔ 63 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کو امید کی کرن نظر آنے لگی۔ مینڈس اور وشاد رندیکا ڈی سلوا نے 84 رنز کی عمدہ شراکت داری قائم کی اور مجموعے کو 147 تک لے گئے۔ یہاں سری لنکا بہترین پوزیشن میں تھا مگر قسمت زیادہ دیر تک ان کا ساتھ نہیں دے سکی۔ ارسل شیخ نے مینڈس کی 68 رنز کی اننگز کا خاتمہ کرکے پاکستان کو واپسی کی راہ دکھائی جس پر چلتے ہوئے باقی باؤلرز نے تباہی مچا دی۔ صرف 42 رنز کے اضافے پر سری لنکا کی آخری چھ وکٹیں گریں اور پاکستان نے میچ 23 رنز سے جیت لیا۔ رندیکا ڈی سلوا 46 اور دمیتھا سلوا 21 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بیٹسمین رہے۔

پاکستان انڈر19 کی جانب سے شاداب خان نے 3، سمین خان، حسن محسن اور احمد شفیق نے دو، دو اور ارسل شیخ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر حسن محسن کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا۔