کرس گیل 'سال کے بہترین کھلاڑی' قرار

2 1,019

ویسٹ انڈیزپلیئرزایسوسی ایشن (ویپا) نے جارحانہ بلے باز کرس گیل کو سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔

کرس گیل رواں سال آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے

اتوار و پیر کی درمیانی شب کوئنز ہال، سینٹ اینز میں منعقدہ ایک رنگارنگ تقریب میں گیل کو 2010ء ویپا کرکٹر آف دی ایئر کے اعزاز سے نوازا گیا۔

گزشتہ ماہ بھارتی پریمیئر لیگ میں 12 اننگز میں 608 رنز بنا کر بہترین بلے باز کا اعزاز حاصل کرنے وال ےکرس گیل نے شیونرائن چندرپال، موجودہ کپتان ڈیرن سیمی اور آل راؤنڈر ڈیوین براوو کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

کرس گیل اس اعزاز کے حصول پر خدا کے ساتھ ساتھ نوجوان ساتھی اوپنر ایڈرین بارتھ کے بھی شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کے دوران دوسرے اینڈ پر ایک نوجوان کھلاڑی کو حریف گیند بازوں پر حاوی ہوتے ہوئے دیکھنا ایک متاثر کن شے تھی اور اسی کی بدولت مجھ میں اچھا کھیلنے کا حوصلہ پیدا ہوا۔

کرس گیل نے چندرپال، سلیمان بین اور کیمار روچ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سال کے بہترین ٹیسٹ کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو سال کا بہترین ایک روزہ کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں سے اس اعزاز کےلیے کرس گیل، نارسنگھ دیونرائن اور ڈیوین براوو کو شکست دی۔