"جن پہ تکیہ تھا وہی۔۔۔" لاہور پھر ہار گیا

0 1,053

کرس گیل سے امید تھی، عمر اکمل کی واپسی کا سہارا تھا، اجنتھا مینڈس کو شامل کرکے کچھ توقعات باندھی گئی تھیں لیکن لاہور قلندرز کے لیے کوئی کچھ نہ کرسکا۔ پشاور زلمی کے ہاتھوں 9 وکٹوں کی بدترین شکست کے بعد اب لاہور کے لیے سخت حالات پیدا ہو چلے ہیں جبکہ پشاور مسلسل دو فتوحات کے بعد اب مکمل اعتماد حاصل کرچکا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے روز ہونے والے دوسرے مقابلے کے لیے ٹاس پشاور کے کپتان شاہد خان آفریدی نے جیتا اور لاہور کو پہلے بلے بازی کے لیے اتارا۔ میدان میں پشاور کے تماشائیوں کی غالب اکثریت تھی جو اس وقت خوشی سے جھوم اٹھی جب جنید خان نے میچ کی پہلی ہی گیند پر کرس گیل کو بولڈ کردیا۔ یہ ایک خوبصورت گیند تھی جو کرس گیل کی توقع کے برعکس اندر کی جانب آئی اور ان کی آف اسٹمپ کو ہلا کر رکھ دیا۔ تیسری گیند پر کیمرون ڈیلپورٹ اپنی بے وقوفی کی وجہ سے رن آؤٹ ہوگئے۔ یوں لاہور کو صفر پر ہی دو نقصان اٹھانے پڑ گئے۔ پھر دوسرے اوور میں محمد رضوان کی واحد چوکے سے مزین اننگز شان ٹیٹ کے ہاتھوں تمام ہوئی۔ یہ ایسے کاری وار ثابت ہوئے کہ پھر لاہور آخر تک سنبھل نہ پایا۔

Junaid bowls Gayle

WHAT A RIPPER! Junaid Khan sends Chris Gayle packing off the very first ball of the match!

Posted by Pakistan Super League on Saturday, February 6, 2016

عمر اکمل اور کپتان اظہر علی کی مزاحمت دسویں اوور تک جاری رہی لیکن اسکور صرف 45 تک پہنچ پایا۔ عمر اکمل 26 گیندوں پر 21 رنز بنانے کے بعد پشاور کے 'سپر مین' محمد اصغر کی پہلی وکٹ بنے۔ اصغر ہی نے اظہر علی کی وکٹ بھی گرائی جو 31 رنز بنا سکے۔ پندرہویں اوور میں صرف 63 رنز اور آدھی ٹیم آؤٹ ہو جانے کے بعد لاہور زمین بوس ہوچکا تھا لیکن ڈیوین براوو نے 31 گیندوں پر 32 رنز کی ایک عمدہ اننگز کھیل کر اور حماد اعظم کے 18 رنز نے اسے 117 رنز تک پہنچا دیا۔ دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ پر 44 رنز جوڑے۔ براوو نے انیسویں اوور میں وہاب ریاض کو دو چوکے اور ایک چھکا رسید کیا لیکن اسی اوور کی پانچویں گیند ان کی واپسی کا پروانہ لے کر آئی۔

mohammad-hafeez

زلمی کی جانب سے بہترین گیندبازی ایک مرتبہ پھر محمد اصغر نے کی۔ انہوں نے 4 اوورز میں صرف 11 رنز دیے اور دو قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔ ایک، ایک کھلاڑی کو جنید خان، شان ٹیٹ اور وہاب ریاض نے بھی آؤٹ کیا۔

118 رنز کا ہدف دیکھ کر پشاور کے بلے بازوں کا اعتماد آسمان کو چھونے لگا تھا۔ محمد حفیظ اور تمیم اقبال نے 95 رنز کی افتتاحی شراکت داری دے کر تو معاملہ ہی آسان کردیا۔ واحد وکٹ محمد حفیظ کی صورت میں گری جو 43 رنز بنانے کے بعد مینڈس کی گیند پر اسٹمپڈ ہوگئے۔ حفیظ کی اننگز میں تین چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے جن میں سے ایک ایکسٹرا کور پر لگایا گیا خوبصورت چھکا تھا۔ ان کے جانے کے بعد پشاور نے 16 اوورز میں ہدف کو جا لیا۔ تمیم 47 گیندوں پر 55 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور مرد میدان بھی قرار پائے۔

Haft gets six

Watch Mohammad Hafeez play one of the shots of the #HBLPSL with a six over extra cover!

Posted by Pakistan Super League on Saturday, February 6, 2016

گو کہ اب لاہور کے لیے واپس آنے کا خاصا موقع موجود ہے لیکن اب انہیں سنبھل کر اور سمجھ کر کھیلنا ہوگا۔ قلندرز کا اگلا مقابلہ سوموار کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہے۔ جی ہاں! وہی ٹیم جس نے اپنے پہلے دونوں مقابلے جیتے ہیں بلکہ لاہور کو شکست دینے والے کراچی کو بھی چت کر رکھا ہے۔ دوسری جانب پشاور کو بھی اسی حریف کا سامنا کرنا ہے لیکن اتوار کی شب۔