ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، جنوبی افریقہ کا تجربہ کار کھلاڑیوں پر اعتماد

0 1,057

جنوبی افریقہ نے اگلے ماہ ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ جس کو دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ سلیکشن پینل نے نوجوانوں کے بجائے تجربہ کار کھلاڑیوں پر زیادہ انحصار کیا ہے۔

حال ہی میں بھارت کے دورے میں محدود طرز کی کرکٹ میں جھنڈے گاڑنے کے بعد کہا جا سکتا ہے کہ جنوبی افریقہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اہم امیدوار ہوگا۔ اس دورے پر ریلی روسو اور ڈیوڈ ویز زخمی ہونے کی وجہ سے نہیں کھیل پائے تھے لیکن اب انہیں دونوں کی خدمات حاصل ہوں گی۔ اسی طرح آرون فانگیسو کو ایڈم لی پر ترجیح دی گئی ہے۔

زخمی ہونے کی وجہ سے دورۂ بھارت سمیت حالیہ تمام اہم مقابلوں سے محروم ہونے والے دنیا کے تیز اور خطرناک ترین گیندباز ڈیل اسٹین بھی ٹیم میں شامل ہیں مگر ان کی شمولیت اب بھی فٹنس سے مشروط ہے۔

dale-steyn

یہی ٹیم اگلے چار ہفتوں میں انگلستان اور آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیموں کا سامنا بھی کرے گی کہ جس کے انتخاب کرنے والے سلیکشن پینل کا کہنا ہے کہ ہم نے ایک تجربہ کار ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں 10 کھلاڑی ایسے شامل ہیں جنہوں نے 2014ء کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلا ہے اور انہیں برصغیر میں کھیلنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔

آرون فانگیسو اور ڈیل اسٹین کی شمولیت پر سلیکشن کنوینر لنڈا زونڈی کا کہنا تھا کہ آرون کو شامل کرکے اسپن باؤلنگ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ وہ عمران طاہر اور ژاں-پال دومنی کے ساتھ مل کر حریف کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ بھارت کے حالات بائیں ہاتھ کے اسپن باؤلرز کے لیے بہت فائدہ مند ہیں اور ڈیل اسٹین کے متعلق تو سبھی جانتے ہیں کہ وہ تجربہ کار بھی ہیں اور آج کے دور کے خطرناک ترین باؤلر بھی۔

کوچ رسل ڈومنگو نے اطمینان کا اظہار کیا ہےکہ منتخب کردہ ٹیم تقریباً وہی ہے جس نے بھارت اور بنگلہ دیش کے دوروں پر ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں دونوں ٹیموں کو ہرایا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی ٹیم ایسی ہی کارکردگی دہرائے گی۔

جنوبی افریقہ کے ٹی ٹوئنٹی کپتان فف دو پلیسی نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ ٹیم میں جیت کی لگن موجود ہے۔ گزشتہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں اچھی کارکردگی نہ دکھانے کے بعد ہم گزشتہ ڈیڑھ سال سے مسلسل تیاری کر رہے ہیں اور یہ ایک بہترین موقع ہے کہ عالمی اعزاز حاصل کر سکیں۔

پندرہ رکنی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):

فف دو پلیسی (کپتان)، آرون فانگیسو ، ابراہم ڈی ولیئرز، ڈیل اسٹین، ڈیوڈ ملر، ڈیوڈ ویز، ریلی روسو، ژاں-پال دومنی، عمران طاہر، فرحان بہاردین، کاگیسو رباڈا، کائل ایبٹ، کرس مورس، کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملا۔