"چھا جائے کوئٹہ"، گلیڈی ایٹرز کی ایک اور کامیابی

0 1,041

ایک شکست ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کافی تھی، اس نے غلطیوں سے سیکھتے ہوئے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ دوبارہ وہیں سے جوڑ لیا ہے جہاں سے ٹوٹا تھا۔ پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اپنے دوسرے مقابلے میں کوئٹہ نے باآسانی 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور صرف چند گھنٹوں بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست مقام دوبارہ حاصل کرلیا۔

پاکستان سپر لیگ کے شارجہ میں طے شدہ مقابلوں میں يہ اب تک پہلا میچ تھا جس میں بہت زیادہ رنز نہیں بنے۔ یہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ کی دعوت پر پہلے بلے بازی سنبھالی اور شاندار آغاز کے باوجود مقابلہ ہاتھ سے گنوا بیٹھا۔ ساتویں اوور میں جب صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 55 رنز اسکور بورڈ پر موجود تھے تو کس نے سوچا ہوگا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ 117 رنز پر ڈھیر ہو جائے گی؟ لیکن آج سیزن میں پہلا مقابلہ کھیلنے والے 'گلیڈی ایٹر' نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ نے میچ کا نقشہ بدلا۔ انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں بریڈ ہیڈن کی اننگز کا خاتمہ کیا اور اس کے بعد اگلے اوور میں سیم بلنگز کو آؤٹ کرکے مقابلہ کوئٹہ کے حق میں کردیا۔ جب گیارہویں اوور میں محمد نبی نے خالد لطیف کو ایل بی ڈبلیو کیا تو اسلام آباد صرف 68 رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہوچکا تھا۔ کہاں 55 پر ایک، اور کہاں 68 پر پانچ آؤٹ؟ اس دھچکے کے بعد اننگز کیا خاک سنبھلتی؟ عمران خالد، آندرے رسل اور سعید اجمل نے اپنی سی کوششیں کرلیں لیکن نہ وکٹیں گرنے سے روک سکے اور نہ ہی کوئی خاص رنز بن سکے۔ یہاں تک کہ آخری اوور کی پہلی گیند پر پوری ٹیم 117 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

Shane-Watson-Grant-Elliott

کوئٹہ کی باؤلنگ تو تھی ہی زبردست، کہ جس میں گرانٹ ایلیٹ 4 اوورز میں 25 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے لیکن ایک دو مواقع چھوڑ کر فیلڈنگ بھی عمدہ تھی۔ بالخصوص کامران غلام کا جو کیچ انور علی نے پکڑا، وہ رواں سیزن کے بہترین کیچز میں سے ایک تھا۔

WICKET! GRANT ELLIOTT TO KAMRAN GHULAM

The New Zealander Grant Elliot is really making an impact here! Superb catch by Anwar Ali to dismiss Kamran Ghulam!

Posted by Pakistan Super League on Thursday, February 11, 2016

بہرحال، اب ٹورنامنٹ میں اب تک شاندار کارکردگی دکھانے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز تھے، اور ایک چھوٹے میدان پر بلے بازی کے لیے سازگار وکٹ پر 118 رنز کا معمولی ہدف۔ گو کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے آندرے رسل نے دو گیندوں پر لیوک رائٹ اور کیون پیٹرسن کی وکٹیں حاصل کرکے کچھ سنسنی ضرور پھیلائی لیکن کوئٹہ نے اس کے بعد کوئی غلطی نہیں کی۔ کپتان سرفراز احمد خود آئے اور احمد شہزاد کے ساتھ مل کر مقابلے پر گرفت مضبوط کی۔ احمد 31 گیندوں پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے البتہ سرفراز نے نصف سنچری مکمل کی۔ 39 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنانے کے ساتھ انہوں نے کوئٹہ کو 17 ویں اوور میں ہدف تک پہنچایا۔

گرانٹ ایلیٹ کو پہلے ہی مقابلے میں میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

اب پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ پانچ مقابلوں میں چار فتوحات کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پشاور زلمی چار مقابلوں میں تین کامیابیاں سمیٹنے کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ اسلام آباد نے بھی پانچ ہی مقابلے کھیلے ہیں اور صرف دو میں کامیابی حاصل کی ہے اس لیے انہیں اب کچھ دل جمعی کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔ روایتی حریف، اور پاکستان سپر لیگ کی سب سے مہنگی ٹیمیں کراچی کنگز اور لاہور یونائیٹڈ سب سے نیچے پڑی ہیں۔ دونوں نے اب تک چار، چار مقابلوں میں صرف ایک، ایک کامیابی حاصل کی ہے اور جمعے کو انہیں ایک اور بار باہم ٹکرانا ہے۔ ویسے کوئٹہ کو اگلا مقابلہ 13 فروری کو کراچی سے ہی کھیلنا ہے جبکہ یونائیٹڈ کل یعنی جمعے کو پشاور زلمی سے کھیلیں گے۔