پولارڈ اور نرائن نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے نام واپس لے لیا

0 1,100

دنیا کے تمام ممالک اس وقت ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں میں مصروف ہیں لیکن ویسٹ انڈیز کرکٹ میں مکمل افراتفری پھیلی ہوئی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے جس دستے کا اعلان کیا تھا اس کے دو اہم اراکین سنیل نرائن اور کیرون پولارڈ نے اپنا نام واپس لینے کا اعلان کردیا ہے یعنی وہ سال کا اہم ترین ٹورنامنٹ نہیں کھیلیں گے۔ ویسٹ انڈیز نے ان کی جگہ کارلوس بریتھویٹ کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ کیرون پولارڈ اسکواڈ سے اس لیے دستبردار ہوئے کیونکہ وہ دسمبر میں ہونے والی ایک انجری کے بعد بحال ہو رہے ہیں اور اس لیے ٹورنامنٹ کے لیے فٹ نہیں ہوں گے۔ جبکہ سنیل نرائن اپنے نئے باؤلنگ ایکشن پر ہونے والی پیشرفت سے مایوس ہیں۔ ناقص باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے ان کو بین الاقوامی کرکٹ میں گیند بازی کی اجازت نہیں ہے۔

نرائن کا باؤلنگ ایکشن گزشتہ سال نومبر میں سری لنکا کے خلاف جاری تیسرے ایک روزہ میں رپورٹ ہوا تھا۔ اس کے علاوہ وہ انڈین پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں بھی مشکوک ایکشن کے حامل ٹھیرائے جا چکے ہیں۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے مابین سینٹرل کانٹریکٹس یعنی مرکزی معاہدوں کے معاملے پر تنازع چل رہا ہے اور معاملے کو قبول کرنے کی آخری تاریخ 14 فروری ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے صرف حتمی تاریخ سے صرف دو دن قبل اپنا نام واپس لیا ہے لیکن بورڈ نے واضح طور پر تردید کی ہے کہ نرائن اور پولارڈ معاہدے پر تنازع کی وجہ سے باہر نہیں ہوئے۔

دوسری جانب ڈیرن سیمی کے بورڈ کو لکھے گئے خط نے بھی ایک ہنگامہ کھڑا کر رکھا ہے جس کے بعد لگتا نہیں ہے کہ 2012ء کے عالمی چیمپئن اس مرتبہ دل جمعی کے ساتھ کھیل پائیں گے۔ بہرحال، اب تک جن کھلاڑیوں کے بارے میں سمجھا جا رہا ہے کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے، وہ یہ ہیں:

ڈیرن سیمی (کپتان)، آندرے رسل، آندرے فلیچر، جیروم ٹیلر، جیسن ہولڈر، دنیش رامدین، ڈیرن براوو، ڈیوین براوو، سلیمان بین، سیموئیل بدری، کارلوس بریتھویٹ، کرس گیل، لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز۔

Sunil-Narine