کرکٹ ساؤتھ افریقہ ایوارڈز؛ عمران طاہر کے لیے تین اعزازات، کیلس سال کے بہترین کھلاڑی قرار

0 1,065

ژاک کیلس کو کرکٹ ساؤتھ افریقہ ایوارڈز میں سال کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا ہے جبکہ پاکستانی نژاد عمران طاہر تین ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستانی نژاد عمران طاہر کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے چیئرمین رے مالی سے سال کے بہترین نوآموز کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے (تصویر: کرکٹ ساؤتھ افریقہ)

یہ ایوارڈز 2010-11ء کے سیزن میں اعلی ترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے درمیان تقسیم کیے گئے۔ جنوبی افریقہ نے اس سیزن میں زمبابوے کے خلاف ایک روزہ سیریز کے علاوہ بھارت کے خلاف ایک یادگار ہوم سیریز کھیلی اور عالمی کپ 2011ء میں مایوس کن کارکردگی کے ساتھ سیزن کا اختتام کیا، جہاں اسے حیران کن طور پر نیوزی لینڈ کے ہاتھوں عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہونا پڑا۔

پاکستانی نژاد عمران طاہر نے تقریب میں سال کا بہترین نیا کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہیں جنوری 2011ء ہی میں جنوبی افریقہ کی جانب سے کھیلنے کی اجازت ملی ہے اور انہوں نے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز بھی عالمی کپ 2011ء کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کیا۔ انہوں نے پانچ ایک روزہ مقابلوں میں 10.71 کی اوسط سے 14 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ کی نمائندگی سے قبل سپر اسپورٹ سیریز کے مقابلوں میں 42 وکٹیں حاصل کرنے پر انہیں سپر اسپورٹ کرکٹر آف دی ایئر کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ علاوہ ازیں انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کے بہترین قومی کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

سال کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے ژاک کیلس نے سیزن کے دوران پانچ ٹیسٹ میچز میں 136.83 کی اوسط سے 821 رنز بنائے۔ اس شاندار سیزن میں انہوں نے پانچ سنچریاں داغیں جن میں بھارت کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بنائی گئی دو سنچریاں بھی شامل ہیں۔ جس میں ایک شاندار ڈبل سنچری بھی شامل ہے۔ ایک روزہ کرکٹ میں ان کا اوسط 38.90 رہا تاہم انہوں نے 10 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ کیلس اس سے قبل 2004ء میں سال کے بہترین کرکٹر کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

گزشتہ سال پانچ اعزازات جیتنے والے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ کو کھلاڑیوں اور شائقین کے پسندیدہ کھلاڑی کے دو اعزازات ملے۔ اس سے شائقین کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں میں ان کی مقبولیت کا اندازہ بھی لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے سیزن میں کھیلے گئے پانچ ٹیسٹ میچز میں 64.25 کی اوسط سے رنز بنائے اور محدود اوورز کی کرکٹ میں بھی ان کا اوسط 60.61 رہا جس میں پانچ سنچریاں بھی شامل ہیں۔

گزشتہ دنوں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے قائد قرار دیے جانے والے اے بی ڈی ولیئرز کو ایک روزہ کرکٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے گزشتہ سیزن میں 56.68 کی اوسط سے رنز بنائے اور وکٹوں کے پیچھے اضافی ذمہ داری بھی نبھائی۔

مقامی کرکٹ کے دیگر ایوارڈز میں لونوابو سوٹسوبے کو پرو20 پلیئر آف دی ایئر، فرانکو دو پلیسے کو محدود اوورز میں بہترین کھلاڑی اور اویس شاہ کو پرو20 میں اعزازات سے نوازا گیا۔

پاکستان کے سابق کوچ اور حال ہی میں جنوبی افریقہ کی کوچنگ کے امیدوار رچرڈ پائی بس کو سال کے بہترین کوچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ان کی زیر قیادت کیپ کوبراز نے سپر اسپورٹ سیریز اور پرو20 دونوں ٹائٹل اپنے نام کیے۔