پی ایس ایل کا سب سے بڑا تصادم، وہاب ریاض اور احمد شہزاد پر جرمانے

0 1,143

پاکستان سپر لیگ کی دو مضبوط ترین ٹیموں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ شب سرفہرست پوزیشن حاصل کرنے کے لیے ایک اہم مقابلہ کھیلا کہ جس میں شاہد آفریدی کی شاندار باؤلنگ کی وجہ سے پشاور نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ لیکن خبروں میں ان کی ریکارڈ ساز کارکردگی نہیں بلکہ احمد شہزاد اور وہاب ریاض کی وہ تلخ کلامی آئی، جس سے کئی چہروں پر ناگواری کے تاثرات ابھرے، کئی پیشانیوں پر بل آئے۔ میچ ریفری روشن مہاناما نے ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی پر احمد شہزاد اور وہاب ریاض دونوں پر جرمانے عائد کیے ہیں۔

یہ افسوسناک واقعہ کوئٹہ-پشاور مقابلے کے پانچویں اوور میں پیش آیا جب احمد شہزاد مکمل جارحانہ موڈ میں تھے۔ وہاب ریاض کی پہلی گیند پر انہوں نے کرارا چھکا رسید کیا مگر زلمی کے باؤلر نے کمال ہوشیاری سے اگلی ہی گیند پر انہیں کلین بولڈ کردیا۔ اس کے بعد وہاب ریاض کی حد سے بڑھی ہوئی خوشی اور احمد شہزاد کے غصے نے ایک دوسرے کو سامنے لا کھڑا کردیا۔ معاملہ صرف تلخ جملوں کے تبادلوں تک نہیں رکا بلکہ دونوں نے ایک دوسرے کو دھکا بھی دیا۔ کھلاڑیوں اور امپائروں کی مداخلت سے معاملہ ٹھنڈا ہوا مگر بعد میں تحقیقات کے بعد جرمانے دونوں پر ضرور لگے ہیں۔ احمد شہزاد پر میچ فیس کا تیس فیصد اور وہاب ریاض پر چالیس فیصد جرمانہ عائد ہوا ہے۔

wahab-shehzad

دونوں ٹیموں کے کپتانوں شاہد آفریدی اور سرفراز احمد نے کہا کہ ایسے واقعات سے کھیل کا مزا کرکرا ہو جاتا ہے، لیکن ٹی ٹوئنٹی جارحانہ انداز کی کرکٹ کی ہے جس میں ایسا ہو جاتا ہے۔ سرفراز کا کہنا تھا کہ جذبات قابو سے باہر ہو جانے سے روکنے کے لیے تمام کھلاڑیوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

پشاور زلمی اور کوئٹہ دونوں پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں لیکن دونوں کا ابھی ایک، ایک مقابلہ باقی ہے۔ کوئٹہ کو آخری مقابلے میں کل یعنی منگل کو لاہور قلندرز کے خلاف کھیلنا ہے جبکہ پشاور زلمی بدھ کو کراچی کنگز کے خلاف کھیلیں گے۔

WICKET !!! WAHAB RIAZ TO AHMED SHEHZAD

Revenge is sweet isnt it? Both the players loosing their cool as well in the heat of the moment!

Posted by Pakistan Super League on Sunday, February 14, 2016